میرپور: کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضاسید نے کنٹرول لائن پر بھارتی فوجیوں کی بلااشتعال فائرنگ کی پر مذمت کی ہے اور اسے مسئلہ کشمیرکی پرامن جدوجہد کو نقصان پہنچانے، مقبوضہ کی گھمبیر صورتحال سے توجہ ہٹانے اور پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش قرار دیاہے۔ علی رضاسید جو ان دنوں آزادکشمیر کے دورے پر ہیں، نے میرپورمیں پیر کے روز ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کنٹرول لائن پر گذشتہ چند دنوں سے جاری بھارتی فوجیوں کی فائرنگ کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
انھوں نے کہاکہ اس فائرنگ کے پیچھے بھارت کے مذموم عزائم کارفرماہیں لیکن وہ ان مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکتا۔ گذشتہ شب بھارتی فوجیوں کی فائرنگ سے آزاد کشمیر کے ایک بے گناہ شہری کی شہادت اور ایک خاتون کے زخمی ہونے کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں رہنے والے کشمیریوں کے ساتھ اب آزاد کشمیرکے نہتے شہری بھی بھارتی فوجیوں کی ظالمانہ کاروائیوں سے محفوظ نہیں۔ عالمی برادری خصوصاً امریکہ اور یورپی یونین کو اس صورتحال کا نوٹس لیناہوگا۔
انھوں نے کشمیریوں سے مطالبہ کیاکہ وہ متحدہوکربھارتی سازشوں کا مقابلہ کریںاور اپنی پرامن جدوجہد آزادی کا جاری رکھیں۔انھوںنے مقبوضہ کشمیرکے عوام کو زبردست خراج تحسین پیش کیااورکہاکہ تمام روکاوٹوں کے باوجود کشمیرکی جدوجہد اور مشن جاری رہے گااور اپنے منطقی انجام کو پہنچے گا۔ انھوں نے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیرکی گھمبیرصورتحال سے توجہ ہٹانے کے لیے کنٹرول لائن پر فائرنگ کررہاہے اور پاکستان پر اس کے فوجیوں کو ہلاک کرنے کے بے بنیادالزام لگارہاہے۔
علی رضاسید نے مقبوضہ کشمیرکی موجودہ صورتحال پر سخت تشویش ظاہرکی اور عالمی برادری سے اس مسئلے پر خصوصی توجہ دینے کا مطالبہ کیا۔ انھوں نے مقبوضہ کشمیر میں تمام کشمیریوں کی رہائی کا مطالبہ کیاجنھیں نام و نہاد اور ظالمانہ قوانین کے تحت نظربند یاقید کیاہواہے۔ چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے نے پبلک سیفٹی ایکٹ اور دیگر بے رحمانہ قوانین کے خاتمے کا مطالبہ کیااور کہاکہ بھارت نے مقبوضہ وادی کو ایک بڑی جیل میں تبدیل کردیاہے جہاں لوگ اپنے بنیادی سیاسی اور مذہبی حقوق سے محروم ہیں۔کشمیریوں کو پرامن احتجاج نہیں کرنے دیاجاتا۔
حتیٰ کہ لوگوںکے مذہبی تہواراور عبادات کی راہ میں روکاوٹیں ڈالی جاتی ہیں۔ ایل او سی پر بھارتی فائرنگ کا مقصدبھی ان مظالم پر پردہ ڈالناہے۔ انھوں نے واضح کیاکہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی اپنی منزل کے قریب ہے اوربہت جلدکامیابی نصیب ہوگی۔انھوں نے مطالبہ کیاکہ کشمیریوں کو ان کی خواہشات کے مطابق اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیاجائے۔ اس موقع پر کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین نے اس عزم کااظہارکیاکہ کونسل کشمیریوں کے حقوق کے لیے اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھے گی۔