اسلام آباد(جیوڈیسک)اسلام آباد کل قومی اسمبلی کی 270 اور صوبائی اسمبلیوں کی 574عام نشستوں پر انتخاب ہوگا، جبکہ قومی اسمبلی کی دو اور صوبائی اسمبلی کی تین نشستوں پر انتخاب ملتوی کردیا گیا ہے۔ امیدواروں کے انتخابات کے لیے ملک بھر کے 8 کروڑ 61 لاکھ سے زائد مرد اور خواتین ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
قومی اسمبلی کی عام نشستوں پر 4 ہزار671 امیدوار اور صوبائی اسمبلیوں کے 10 ہزار 958 امیدوار میدان میں ہیں، ملک بھر میں کل 69 ہزار 801 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جبکہ ووٹرز کی سہولت کے لیے ایک لاکھ93 ہزار459 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں، 30 ہزار 895 پولنگ اسٹیشن ایسے ہیں جنہیں انتہائی حساس اور حساس قرار دیا گیاہے ، جبکہ 38 ہزار 834 کو نارمل پولنگ اسٹیشن کا درجہ دیا گیا ہے۔
انتخابی مراکز میں 6لاکھ 44ہزار940 افراد پر مشتمل عملہ خدمات انجام دے گا، امن وامان کو یقینی بنانے کے لیے پانچ لاکھ سے زائد سیکیورٹی فورسز کے اہلکار بشمول پولیس،رینجرز اور قومی رضاکار ڈیوٹی پر مامور ہوں گے، جبکہ پاک فوج کے جوان کوئیک رسپانس فورس کے طور پر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اسٹینڈ بائی رہیں گے۔
کوئیک رسپانس فورس کو ہیلی کاپٹر کی مدد بھی حاصل ہوگی، قومی اسمبلی کے دو حلقوں این اے 83 فیصل آباد9 ، این اے 254 کراچی 16 ،صوبائی اسمبلی کے حلقوں پی پی 217 خانیوال 6،پی ایس 64 میر پورخاص ایک اور پی بی 32 جھل مگسی میں امیدواروں کے انتقال کے باعث انتخابات ملتوی کردیا گیاکی تین نشستوں پر انتخاب ملتوی کردیا گیا ہے۔