اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں آمد پر نئے اراکین کی ذرائع سے گفتگو نئے اراکین قومی اسمبلی نے ایوان میں آمد پر مختلف خیالات کا اظہار کیا ، ن لیگ کے اراکین نے حکومت اور پارٹی کے کردار پر بات کی تو دیگر جماعتوں نے اپوزیشن میں رہ کر اپنی ذمہ داریوں کا بتایا۔ بلوچستان سے منتخب ہونے والے ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ اگر یہ حکومت بلوچستان کا مسئلہ حل نہ کرسکی تو پھر اور کوئی نہیں کرسکے گا۔
مسلم لیگ ن کے چوہدری نثار نے کہاکہ وفاقی کابینہ آئین کی متعین تعددا سے بھی کم ہوگی۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد قومی اسمبلی پہنچنے پر ذرائع سے گفتگو میں کہا کہ اگر اس اسمبلی نے کارکردگی نہ دکھائی تو ان کا حال گزشتہ اسمبلی سے بھی برا ہوگا۔ متحدہ قومی موومنٹ کے فاروق ستار نے کہا کہ وہ مرکز میں اپوزیشن کا کردار اداکریں گے۔
ن لیگ کے احسن اقبال نے کہا کہ وہ ان کی جماعت کو مسائل کے حل میں پارٹنر بناکر چلے گی ، انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اطلاعات نہیں بن رہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی شیریں مزاری اور عارف علوی نے کہاکہ وہ اسمبلی میں مضبوط اور ذمہ دار اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے۔