ٹیکسلا (ڈاکٹر سید صابر علی سے) تھانہ صدر واہ پولیس کی کاروائی عید کے روز بیوی کو قتل کرنے والا اشتہاری ملزم دوسری بیوی سمیت گرفتار ،اشتہاری ملزم کو پناہ دینے اور اسے فرار کرانے کے جرم میں تین افراد دھر لئے گئے،منشیات فروش سے چودہ بوتل ولائتی اور چالیس لیٹر دیسی شراب برآمد۔
کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پرمالک مکان سمیت چھ افراد پر مقدمات درج،تفصیلات کے مطابق ملزم افرت محمود ولد مرزا خان ساکن غازی کوہلی نے عید کے روز اپنی بیوی مسماةرخسانی بی بی کو گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا تھا ،ملزم نے پانچ سال قبل مسماة گلفرین بی بی سے دوسری شادی کی جس کے بعد پہلی بیوی سے جھگڑے روز مرہ کا معمول بن چکے تھے، عید کے روز جبکہ اسکی دوسری بیوی میکے گئی ہوئی تھی اس دوران اس نے بیوی سے کپڑے استری کرنے کا بولا ، کپڑے بر وقت استری نہ کرنے پر طیش میں آگیا اور بیوی پر فائرنگ شروع کردی ، مسماة رخسانہ بی بی کو انتہائی شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دو روز موت وحیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد چل بسی،پولیس نے ملزم کے بیٹے الفت محمود کی مدعیت میں ماں کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔
ملزم اپنی بیوی کو لیکر نا معلوم مقام پر روپوش ہوگیا تھا ، ایس ایچ او تھانہ صدر یاسر کیانی نے ملزم کا ٹھکانہ ٹریس کر کے مری گلہاڑا گلی سے دونوں میاں بیوی کو گرفتار کرلیا،دوسری کاروائی میں پولیس نے اشتہاری ملزم راشد محمودولد محمد سعید ساکن لالہ زارکو پناہ دینے اور ملزم کو فرار کرانے کے جرم میں بدنامہ زمانہ نائیکہ ناہید اختر کے جاری فحاشی کے اڈے واقع احمد نگر گٹیا روڈ پر چھاپہ مار کر تین ملزمان عبداللہ ولد محمد جاوید،بابر سلیم ولد ضیا دین،اور محمد عمران ولد نور احمد کو گرفتار کر لیا پولیس کو اطلا ع ملی تھی کہ مذکورہ فحاشی کے اڈے پر اشتہاری ملزم کو چھپا رکھا ہے اڈے کی نائیکہ ناہید اختر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئی۔
پولیس نے چاروں ملزمان کے خلاف زیر دفعہ 211 ت پ کے تحت مقدمہ درج کرلیا،پولیس نے تیسری کاروائی کرتے ہوئے محبت آباد کے علاقہ سے منشیات فروش عامر مسیح ولد ایمس مسیح کو دھر لیا ملزم کے قبضہ سے چودہ بوتل ولائتی شراب جبکہ چالیس لیٹر دیسی شراب برآمد کر لی گئی ملزم کے خلاف منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا،ادہر پولیس نے واہ ماڈل ٹاون کے علاقہ سے کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر مالک مکان سمیت چھ افراد کے خلاف 11 پنجاب کرایہ داری ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔