حب (جیوڈیسک) حب میں وزیراعظم محمد نواز شریف نے حب میں چین کے تعاون سے کوسٹل پاور پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ پراجیکٹ 72 ماہ میں مکمل ہوگا، 2200 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی۔
وزیراعظم محمد نواز شریف نے حب میں چین کے تعاون سے جوہری توانائی میں پاکستان کے سب سے بڑے کوسٹل پاور پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ 72 ماہ میں مکمل ہونے والے اس منصوبے کی تکمیل سے 2200 میگا واٹ بجلی حاصل ہوگی۔
کوسٹل پاور پراجیکٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی سمندروں سے گہری اور ہمالیہ سے بھی بلند ہے۔ یہ منصوبہ پاک چین تعاون کا ابتدائی مرحلہ ہے۔
یہ منصوبہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کی طرف پہلا قدم ہے۔ چین کے تعاون سے شروع کیا جانے والا یہ منصوبہ 72 ماہ میں مکمل ہو گا۔ ملکی ترقی کیلئے توانائی بحران حل کرنا انتہائی ضروری ہے۔ ہم اپنے اہداف حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔
کوسٹل پاور پراجیکٹ منصوبے کی تکمیل سے پاکستان میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوگا۔ چین توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرے، ہر قسم کا تعاون فراہم کرینگے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مزید 6 نیوکلیئر پاور پلانٹس لگائے جائیں گے۔ دیامیر بھاشا، داسو اور بونجی ڈیمز کی تعمیر پر کام کر رہے ہیں۔ دیا میر اور داسو ڈیم ایک ساتھ بنائے جائیں گے۔ بونجی ڈیم کی تعمیر کا کام بھی شروع کیا جا رہا ہے۔ گڈانی میں 640 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کے پلانٹ لگائے جائیں گے۔
تمام پروجیکٹس سے پیدا ہونے والی بجلی سے توانائی بحران پر قابو پالیں گے۔ 2050 تک پاکستان میں جوہری توانائی سے 40 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی جائے گی۔
ہم چین کے ساتھ باہمی تعاون کے ذریعے اپنے اہداف جلد حاصل کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چین سے آئندہ برس ایل این جی درآمد کرنے کا ارادہ ہے۔