اسلام آباد (جیوڈیسک) کشمیریوں کے حوصلے بلند اور وہ بھارتی فائرنگ سے خوفزدہ نہیں، وفاقی وزیر کی گفتگو وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری برجیس طاہر نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کے حوصلے بہت بلند ہیں اور وہ بھارت کی جانب سے شہری علاقوں پربلااشتعال فائرنگ سے خوفزدہ نہیں۔
پاکستان نہ تو اوچھے بھارتی ہتھکنڈوں سے مرعوب ہوگا اور نہ ہی مصیبت کی گھڑی میں کشمیریوں کو تنہا چھوڑے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں آزاد جموں و کشمیر کونسل کے ممبران سے ملاقات میں کیا۔ وفاقی وزیر نے اپنے لائن آف کنٹرول کے دورے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سرحدی علاقوں کا دورہ کرکے متاثرہ شہریوں کے احوال دریافت کیے ہیں جس سے انہیں یقین ہوگیا ہے
بھارت کی جانب سے کوئی بھی اقدام کشمیریوں کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتا۔ اس موقع پر ممبران آزادکشمیر کونسل نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے پر حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ اور اپنی طرف سے ہر قسم کی معاونت اور حمایت کی یقین دہانی کرائی۔