وٹفورڈ (تیمور لون) برطانیہ کے شہر وٹفورڈ میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے سینئر رہنما پروفیسر لیاقت علی خان مرحوم کے لئے تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں برطانیہ بھر سے سیاسی سماجی و مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔
پروگرام کا باقاعدہ آغاز خطیب جامعہ مسجد نارتھ وٹفورڈ قاری محمد سلیم نےتلاوت کلام پاک سے کیا اور قاری محمد ارشد نے بارگاہ رسالت میں ہدیہ نعت بھی پیش کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صابر گل، عباس بٹ، جبار بٹ ، تحسین گیلانی ، ایم پی رچرڈ ہیڈسن ،علامہ خلیل احمد حقانی ، سید مقصود حسین شاہ، جاوید حسین شاہ ،ملک لطیف ، لائق علی خان ، ڈاکٹر مسفر حسن، قاری محمد بشیر ، پروفیسر عبداللہ، شہپال چوہدری ، طارق شریف ، کونسلر ریاض بٹ، فاضل ضیاء ، صحاف کشمیری ، انجم شہزاد ودیگر نے پروفیسر لیاقت علی خان مرحوم کی زندگی کے مختلف پہلووں پر روشنی ڈالی اور انکی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔ مقررین کا کہنا تھا کہ پروفیسر لیاقت علی خان ایک عہد ساز شخصیت تھے انہوں نے کبھی بھی کسی بڑے لیڈر کی بغلوں میں خود کو نمایاں کرنے کی کوشش نہیں کی اور نہ ہی وہ تصویریں کھنچوانے کی حد تک سیاسی و سماجی کام میں لگے رہتے بلکہ انہوں نے تو اپنا سب کچھ اس کمیونٹی اور تحریک کشمیر پر نچھاور کر دیا۔
پروفیسر لیاقت علی خان گو کہ آج اس دنیا میں موجود نہیں لیکن ہم سب انہیں اس محفل میں محسوس کر سکتے ہیں ۔اس ہال میں شامل اٹھارہ سال سے لیکر اسی سال تک کی عمر کے لوگوں کی موجودگی ہی ان کی عظمت اور ان کے ہمارے درمیان موجودگی کی دلیل ہے۔ شاہد ہی کوئی ایسا شخص ہو جسے انہوں نے کبھی اختلاف رائے کرتے ہوئے بھی اونچی آواز سے بات کرتے سنا ہو وہ انتہائی شفیق ،مخلص اور باکردار شخصیت کے مالک تھے۔ انہیں ہم نے ہمیشہ تحریک آزادی کشمیر کے سلسلہ میں اگلی صفوں میں رہ کر کام کرتے پایا لیکن دکھاوے کی سیاست سے دور رہے ۔انہوں نے حقیقی معنوں میں اپنا تن من دھن تحریک آزادی کشمیر کے کاموں میں لگایا جس کے ہم سب گواہ ہیں یہ نہیں کہ صرف تحریک آزادی کشمیر بلکہ انہوں نے ساری دنیا کے مسلمانوں کے لئے آواز اٹھائی ۔ ان کے دروازے ہر خاص و عام کے لئے کھلے رہتے ان کا دفتر تحریک آزادی کشمیر ، کمیونٹی کے کاموں اور امت مسلمہ کو درپیش مسائل اور ان پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف موثر آواز بنا رہتا اور بے شمار سیاسی سماجی اور مذہبی تحریکوں کے لئے ہما وقت کھلا رہتا۔انہیں کمیونٹی کے لئے خدمات کے صلہ میں بھی ایوارڈ سے نوازا گیا۔
تقریب میں جموں کشمیر لبرکشن فرنٹ برطانیہ کے صدر صابر گل، کے این پی کے چیئر مین عباس بٹ، سینئر کشمیری رہنما جبار بٹ ، فرنٹ برطانیہ کے جنرل سیکرٹری تحسین گیلانی ، ایم پی رچرڈ ہیڈسن ، سماجی رہنما شیخ محمد اسلم ،علامہ خلیل احمد حقانی، سید مقصود شاہ، جاوید شاہ ،ملک لطیف ، لائق علی خان ، ڈاکٹر مسفر حسن، پروفیسر عبداللہ، شہپال چوہدری ، طارق شریف ، کونسلر ریاض بٹ، فاضل ضیاء ، لائق علی خان ، صحاف کشمیری ، انجم شہزاد ، خواجہ کبیر ،شیراز خان ، توقیر لون ، عاصم مرزا ،حمید بٹ ، ظہیر الدین ، شفقت اقبال ، ذالکفل نوابی ، امجد امین بوبی ودیگر نے شرکت کی جبکہ نظامت کے فرائض نواز مجید نے سرانجام دئے۔تقریب کے آخر میں مرحوم کے لئے خصوصی دعا بھی مانگی گئیں ۔