باغ (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ملکی اداروں کو تباہ کرنے والے اسے کبھی ٹھیک نہیں کر سکتے۔ برطانیہ اس لیے ترقی کر گیا کیونکہ اس کے ادارے مضبوط ہیں۔ ادارے ٹھیک کر لیں اور پیسہ عوام پر خرچ کریں تو ملک ترقی کرے گا۔ میاں صاحب موٹروے، سڑکیں بناتے جا رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا جرمنی ،جاپان دوسری جنگ عظیم میں تباہ ہو گئے تھے لیکن دس سال بعد جرمنی ، جاپان دوبارہ کھڑے ہو گئے۔ نواز شریف کا ماڈل ہے مہنگے پراجیکٹ بنا کر کمیشن بناؤ۔ کرپشن کی قیمت عوام مہنگائی کے ذریعے ادا کرتے ہیں اور عوام کے پیسے سے مے فیئر فلیٹس خریدے گئے۔
عمران خان نے کہا ڈھائی کروڑ بچے اسکولوں سے باہر ہیں اور جو قوم اپنے بچوں کی تعلیم پر پیسہ خرچ نہیں کرتی آگے نہیں بڑھ سکتی۔ وزیر کرپٹ ہوں گے تو نچلی سطح پر بھی کرپشن ہو گی اور جس ملک کا لیڈر کرپٹ ہو وہ کبھی ترقی نہیں کر سکتا۔ لیڈر جب ایماندار ہوتا ہے تو پھر ملک کا پٹواری بھی کرپشن نہیں کرتا۔
انہوں نے کہا بار بار میوزیکل چیئر چل رہی ہے ملک کو لوٹا جا رہا ہے ۔ کیا چور چور کا احتساب کر سکتا ہے وہ تو مک مکا کرتے ہیں۔ عمران خان نے کہا کشمیریوں نے بہت قربانیاں دیں نواز شریف کشمیریوں کی آواز اٹھانے کے بجائے بھارت کیساتھ بزنس کرنے پر لگے ہیں۔ تحریک انصاف کشمیریوں کی آواز کو ہر فورم پر بلند کرے گی۔