ہر صورت میں اپنے منشور اور انتخابی وعدوں کو پورا کرینگے، پرویز خٹک

Pervez Khattak

Pervez Khattak

پشاور (جیوڈیسک) خیبر پختونخوا کے وزیر اعلی پرویز خٹک نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ہر صورت میں اپنے منشور اور انتخابی وعدوں کو پورا کرے گی۔ عوامی خدمت کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو ختم کیا جائے گا۔ پشاور سے جاری ہو نے والے اعلامیہ کے مطابق خیبر پختونخوا کے وزیر اعلی پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ با اختیار احتساب کمیشن سے کوئی بھی کرپٹ محفوظ نہیں رہے گا۔

امن کے لئے با مقصد مذاکرات کے لئے تیار ہیں۔ نئے بلدیاتی نظام سے اختیارات نچلی سطح پر منتقل کر کے بنیادی ضروریات اور سہولیات لوگوں کی دہلیزوں پر فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کرپشن کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے ایک با اختیار آزاد احتساب کمیشن جو تمام کرپٹ افراد خصوصا سرکاری افسران پر کڑی نظر رکھ کر بلا امتیاز ایکشن لے گا۔

پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ کہ ہر سطح پر رشوت اور کرپشن کی حوصلہ شکنی کی جائے کیونکہ قوم نے ہمیں پرانے اور گھسے پٹے نظام کو تبدیل کرنے کا مینڈیٹ دیا ہے۔ اس مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے تھانہ اور پٹوار ی کلچر کے خاتمے کے ساتھ ساتھ صحت، تعلیم سمیت تمام شعبوں میں عوام کی امنگوں اور توقعات کے مطابق اصلاحات لائی جائیں گی۔