ملتان (جیوڈیسک) ملتان کی تحصیل جلال پور پیر والا میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 153 پر ضمنی انتخاب کے لئے آج میدان سجے گا۔ حساس پولنگ اسٹیشنوں پر فوج تعینات کردی گئی ہے۔
این اے 153 جلال پور پیروالا میں ضمنی انتخاب کے لئے10 امیدوار میدان میں ہیں لیکن اصل مقابلہ مسلم لیگ ن کے رانا قاسم نون، تحریک انصاف کے غلام عباس کھاکھی اور پیپلزپارٹی کے امیدوار محمد اکرم کنہوں کے درمیان متوقع ہے۔
اس حلقے میں 3لاکھ 79 ہزار اور 962 ووٹرز ہیں۔ پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوگی اور کسی وقفے کے بغیر شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔ کل 276 پولنگ اسٹیشنوں میں سے 75 پولنگ اسٹیشن ایسے ہیں جنہیں حساس قرار دیا گیا ہے۔
شہر میں امن و امان قائم رکھنے کے لئے فوج کو بھی تعینات کیا گیا ہے جو حساس پولنگ اسٹیشن پر بھی تعینات رہے گی۔این اے 153 کی نشست مسلم لیگ ن کے سابق ایم این اے دیوان عاشق بخاری کی جعلی ڈگری پر نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی۔