چور لٹیرے ملک میں تبدیلی نہیں لا سکتے 14 اگست کو آزادی مارچ ہو گا: عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

لاہور (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ 14 اگست کو لانگ مارچ یا سونامی مارچ نہیں بلکہ آزادی مارچ ہوگا، تحریک انصاف 14 اگست کو 10 لاکھ افراد اسلام آباد لے کر جائے گی۔ جو سیاسی جماعتیں اور لوگ ہمارے نظریے پر یقین رکھتے ہیں وہ ہمارے ساتھ چلیں۔ وہ گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں تحریک انصاف کے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈروں سمیت جماعتی عہدیداران کے کنونشن سے خطاب کررہے تھے۔ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے مک مکا کررکھا ہے۔

دھاندلی صرف پنجاب ہی نہیں بلکہ سندھ اور کراچی میں بھی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ 11 مئی 2013 کے الیکشن میں جن لوگوں نے مینڈیٹ چوری کیا اور جو اس چوری میں ملوث ہیں تحریک انصاف ان کو قانون کے کٹہرے میں لائے گی اور ان پر آئین کا آرٹیکل 6 لاگو کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ 14 اگست کو پاکستان کے اندر انتخابی نظام تبدیل کرکے ہم نیا پاکستان بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں خبردار کرتا ہوں کہ اگر انتخابی نظام تبدیل نہ ہوا تو پرانی سیاسی جماعتیں جو مافیا بن چکی ہیں وہ پڑھے لکھے نوجوانوں اور پروفیشنلز کو آگے نہیں آنے دیں گی۔ قانون اور الیکشن کے ذریعے تبدیلی لانا چاہتے تھے لیکن کامیابی نہیں ہوئی۔ 4 ماہ میں انتخابی ٹربیونل میں کچھ نہیں ہوا نہ ہی پارلیمنٹ کے ذریعے کچھ ہوسکا۔

اب ہم نے 14 اگست کو سڑکوں پر نکل کر عوام کی قوت سے نیا پاکستان بنانا ہے۔ چور لٹیرے ملک میں تبدیلی نہیں لاسکتے۔ انہوں نے فوجی آپریشن اور اس کے نتیجے میں شمالی وزیرستان کے بے گھر ہونے والوں کی زبوں حالی کا ذمہ دار وزیراعظم نواز شریف کو قرار دیا اور کہا کہ میں نے پارلیمنٹ اور میڈیا کے ذریعے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ شمالی وزیرستان میں 60 لاکھ لوگ بستے ہیں فوجی آپریشن سے وہ متاثر ہوں گے لیکن نواز شریف فوجی آپریشن کے ذمہ دار ہیں انہوں نے خیبر پی کے کے وزیراعلیٰ اور مجھے آپریشن شروع کرنے سے پہلے اعتماد میں نہیں لیا۔

اب تک 8 لاکھ افراد رجسٹرڈ ہوچکے ہیں جن میں ساڑھے تین لاکھ بچے ہیں۔ میں نواز شریف سے پوچھتا ہوں کہ انہیں سنبھالنا کس کی ذمہ داری ہے۔ صوبائی حکومت کے پاس پیسے نہیں۔ افغانستان کے پرانے مہاجرین کو پہلے ہی خیبر پی کے حکومت سنبھال رہی تھی۔ نواز شریف کو اپنے کاروبار سے فرصت ملے تو وہ اس طرف توجہ دیں، وہ اپنے صاحبزادے کو ساتھ لے کر بھارت سے کاروبار کررہے ہیں۔ تحریک انصاف کوشش کرے گی کہ بے گھر افراد کی جس قدر مدد ممکن ہو، کرے۔

انہوں نے مسلم لیگ ن کی حکومت کو وارننگ دی کہ متاثرین پر اپنی سیاست نہ چمکائیں۔ مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ عوام کی نظریں تحریک انصاف پر لگی ہوئی ہیں۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی حکومتیں ناکام ثابت ہوئی ہیں۔ نواز شریف کے دور حکومت میں لوٹ کھسوٹ بڑھ گئی ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف کا یک نکاتی ایجنڈا ہے کہ 14 اگست کو لانگ مارچ کرنا ہے۔

اعجاز چودھری نے کہا کہ تحریک انصاف کے قومی اسمبلی کے امیدوار اور ٹکٹ ہولڈر اب روزانہ افطار پارٹیاں کریں اور اس میں حلقے کے لوگوں کو بلائیں۔ عیدالفطر کے بعد سونامی مارچ تک روزانہ موٹرسائیکل ریلیاں نکالیں۔ میاں محمود الرشید نے کہا کہ 14 اگست کو سونامی مارچ سے پرانی سیاست دفن ہوجائے گی اور نیا پاکستان کا سورج طلوع ہو گا۔