ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق وکیل کو سپرد خاک کر دیا گیا

Firing

Firing

کراچی (جیوڈیسک) ڈیفنس میں مسلح ملزموں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے ہائی کورٹ کے وکیل کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈیفنس کے علاقے میں جمعے کی شب مسلح ملزموں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے ہائی کورٹ کے وکیل چوہدری تنویر ولد نذیر کی نماز جنازہ ہفتے کو اختر کالونی کی مقامی مسجد میں ادا کی گئی

نماز جنازہ میں مقتول کے عزیز و اقارب کے علاوہ وکلا کی بھی بڑی تعداد نے شرکت کی، بعد نماز جنازہ مقتول کی میت کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ کلفٹن کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی گئی ہے جس میں دیکھا گیا ہے کہ موٹر سائیکل سوار دو ملزموں نے ایڈووکیٹ تنویر سے موبائل فون چھین لیا اور مزاحمت پر انہیں گولی مار دی۔

پولیس کے مطابق واردات کے وقت مقتول کی اہلیہ بھی ان کے ہمراہ تھی، پہلے ملزموں نے موبائل فون چھینا جس کے بعد وہ فرار ہونے لگے تو ایڈووکیٹ تنویر کار سے اتر کر ملزموں کے پیچھے دوڑے جس پر پہلے ملزموں نے ہوائی فائرنگ کی تو تنویر دوبارہ کار کی طرف آئے اور ایک بار پھر ملزموں کے تعاقب کی کوشش کی تو ملزموں نے انہیں گولی مار دی، سینے پر لگنے والی گولی جان لیوا ثابت ہوئی، واقعے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔