اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ آرٹیکل 158 آئین کا حصہ ہے۔ ترامیم لانے سے لگ رہا ہے کہ ہم ون یونٹ کی طرف جا رہے ہیں۔ رضا ربانی کہتے ہیں اٹھارہویں ترمیم اور صوبائی خود مختاری پر شب خود مارنے کی کوشش ہوئی تو سخت مزاحمت کریں گے۔ ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ترامیم لانے والوں کو سوچنا ہوگا۔
کہ کہیں ہم انارکی کی طرف تو نہیں جا رہے۔ انہوں نے پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھانے کا اعلان بھی کیا۔ پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر رضا ربانی نے گیس کوٹے میں کمی کی ہدایت کو اٹھارہویں ترمیم کی خلاف ورزی قرار دیا۔
کراچی میں ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد تعلیم اور صحت کی وزارتوں کو وفاق میں رکھنا غیر قانونی ہے۔ رضا ربانی کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ میں اٹھارہویں ترمیم کو تبدیل کرنے کی اہلیت نہیں اگر ایسا کرنے کی کوشش کی گئی تو سخت مزاحمت کرینگے۔