کراچی : جامعہ بنوریہ عالمیہ سائٹ ٹاؤن کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہا ہے کہ گستاخ بلاگرز اور ملحدانہ سوچ کخلاف آواز اٹھانے والے لائق تحسین ہیں، آزادی اظہار رائے کے نام پر اسلام، رسالت مآب ﷺاور مقدس شخصیات کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کرسکتے ہیں، مفتی محمد نعیم کیخلاف من گھڑت خبریں چلانے اور پھیلانے والوں کیخلاف جلد قانونی کاروائی کی جائے گی۔
ترجمان جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مطابق بدھ جاری بیان میں رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے کہاکہ ڈاکٹر عامر لیاقت کو مرتد اور ملحد قرار دینے کی خبر میں کوئی صداقت نہیں ،نہ میں نے کوئی اسطرح کا بیان دیاہے اور نہ میڈیا سیل سے کوئی ایسا بیان جاری کیاگیاہے ، ملحدانہ سوچ رکھنے والے بلاگرز اور سوشل ایکٹویسٹ کی من گھڑت خبر ہے،انہوں نے کہاکہ وطن عزیز اسلام کے نام پر معارض وجود میں آیا ہے اس میں آزادی اظہار رائے کے نام پر اسلام، شان رسالتﷺ اور مقدس شخصیات کی شان میں گستاخی کی برداشت نہیں کی جا سکتی۔
انہوں نے کہاکہ حکومت کو چاہیے کہ ایک سسٹم کے تحت سوشل میڈیا میں چلنے والی افواہوں اور خبروں کو واچ کیاجائے اور من گھڑت اور مقدس شخصیات پر مبنی مواد کی تشہیر کرنے والوں کیخلاف کاروائی عمل میں لائی جائے ،انہوں نے کہاکہ منظم منصوبہ بندھی کے تحت نسل نو کو سوشل میڈیا کے ذریعے تباہ کیاجارہاہے، گستاخ بلاگرز اور ملحدانہ سوچ کیخلاف آواز اٹھانے والے لائق تحسین ہیں،گستاخانہ مواد کے تشہیر میں ملوث بلاگرز اور ملحدانہ سوچ کیخلاف آواز بلند کرنا ہر فرد کی ذمہ داری ہے ،انہوں نے کہاکہ سوشل میڈیا میں گستاخانہ اور فرقہ واریت پر مبنی مواد اور من گھڑت خبریں چلانے اور پھیلانے والوں کیخلاف حکومت ٹھوس اقدامات کرے۔