راولپنڈی (اصل میڈیا ڈیسک) وفاقی وزیر برائے ایوی ایشن غلام سرور خان کا کہنا ہےکہ چھوٹی سوچ اور چھوٹے لوگ ہار تسلیم نہیں کرتے لہٰذا ہار کو کھلے دل سے تسلیم کرنا چاہیے۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے غلام سرور نے کہا کہ سینیٹ میں اپوزیشن کو شکست اور تحریک انصاف اور اس کے اتحادیوں کو فتح ملی، سینیٹ میں مسلم لیگ (ن) بلوچستان، سندھ، مرکز اور کے پی کے میں زیرو نکلی اس لیے اب آپ ان کو سمجھ لینا چاہیے کہ اداروں کے خلاف ان کا بیانیہ نہیں چلے گا۔
انہوں نے کہا کہ نامعلوم نمبروں سے کالز ہمیں بھی آتی ہیں اور برا بھلا کہا جاتا ہے لیکن ہم نے کبھی اداروں کا نام نہیں لیا، اپوزیشن آج تک عوام کی پذیرائی حاصل نہیں کرسکی، ان لوگوں سے ملک کی معیشت کو نقصان پہنچتا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو چاہیے آئین اور قانون کے مطابق ہمارے سامنے آئیں، ہار کو کھلے دل سے تسلیم کرنا چاہیے، جیت جائیں تو ٹھیک اور ہار جائیں تو کچھ درست نہیں، ایسا نہیں ہونا چاہیے، میں جب بھی الیکشن ہارا، اپنی شکست تسلیم کی ، چھوٹی سوچ چھوٹے لوگ ہار تسلیم نہیں کرتے۔
غلام سرور نے مزید کہا کہ ملک کو بے یقینی کی صورتحال سے نکالنا ہو گا، شیطان نے ڈیوٹی ملا جی کی لگا دی ہے، مولانا نے اب استعفے دینے کی بات کردی ہے چونکہ ملا خود سینیٹ میں نہیں ہے۔