اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق وزیرِ اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ن لیگ کو سینیٹ سے محروم کیا جا رہا ہے جو قبل ازوقت دھاندلی کے مترادف ہے۔
نیب ریفرنسز کیسز کی سماعت کے بعد عدالت کے باہر میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں میاں محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ تیسرا فیصلہ بھی جلد ان کے ہی خلاف آئے گا۔ اب تیسرے فیصلے میں الیکشن لڑنے سے نااہل قرار دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گاڈ فادر اور سسلین مافیا کہنے کے بعد کہا جاتا ہے سیاسی لیڈروں کا احترام ہے۔
سابق وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ کیلبری فونٹ کی 2005ء میں موجودگی کے رابرٹ ریڈلے کے بیان سے جے آئی ٹی کو جواب مل گیا ہے، شریف خاندان کے خلاف ضمنی ریفرنس بھی فارغ ہوں گے۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ نیب کے گواہ نے اعتراف کیا کہ کیلبری فونٹ کے خالق کو 2005ء میں انعام بھی ملا تھا۔ ہمیں انصاف ملے نہ ملے، سچ اور جھوٹ سامنے آ جائے گا۔