خلیفہ سوئم کا یوم شہادت، ملک کے مختلف شہروں میں ریلیاں

Lahore Rally

Lahore Rally

لاہور (جیوڈیسک) کراچی میں یوم شہادت حضرت عثمان غنی رضی اللہ تعالی عنہ کے موقع پر لسبیلہ سے تبت سنٹر تک مارچ کیا گیا جس کی قیادت اہلسنت والجماعت کے مرکزی رہنما مولانا اورنگزیب فاروقی نے کی شرکاء نے صحابہ کرام کے ایام کو سرکاری سطح پر منانے اور عام تعطیل کا مطالبہ کیا۔

سکھر میں بھی اہل سنت والجماعت گھنٹہ گھر چوک سے پریس کلب تک ریلی نکالی شرکاء نے پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ مقررین نے خلیفہ سوئم کی اسلام کیلئے خدمات پر تفصیلی روشنی بھی ڈالی۔ ٹنڈو محمد خان میں اسٹیشن روڈ سے نکالی گئی ریلی میں اہل سنت والجماعت کے کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب ٹنڈو محمد خان پہنچی ۔ بہاولنگر میں بھی مسجد عائشہ سے ریلی نکالی گئی۔

شرکاء نے یوم شہادت حضرت عثمان غنی رضی اللہ تعالی عنہ کو سرکاری سطح پر منانے اور عام تعطیل کا مطالبہ کیا۔ ادھر پشاور میں اہل سنت والجماعت نے نصاب کی تبدیلی اور کارکنوں کی ماورائے قانون گرفتاریوں کے خلاف خیبر پختونخوا اسمبلی کے باہر دھرنا دیا اور جی ٹی روڈ کو بلاک کر دیا جس کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔