ڈونیڈن (جیوڈیسک) تیسرے ون ڈے میں مہمان ٹیم نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 183 رنز سے شکست دیکر سیریز میں تین صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔ قومی ٹیم 258 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 74 رنز بنا کر ہی ڈھیر ہوگئی۔ کیویز کے خلاف سیریز میں سینئر کھلاڑیوں کی کارکردگی کا پول کھل گیا۔
اظہر علی مسلسل تیسرے میچ میں بھی ڈبل فگرز میں داخل نہ ہوسکے اور کیوی باؤلر ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ فخر زمان بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 2 رنز بنانے کے بعد ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ ٹرینٹ بولٹ کی بلٹ گیند نے پروفیسر کے اوسان خطا کر دیے اور کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹے۔
مڈل آرڈر بیٹسمین بابر اعظم 28 گیندوں پر 8 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، شعیب ملک پورے کیرئیر میں نیوزی لینڈ میں ففٹی نہ بنا سکے اور ایک بار پھر دھوکا دے گئے، شاداب خان صفر، فہیم اشرف 10، حسن علی ایک رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے، 32 کے مجموعی سکور پر پاکستان کے 8 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے تھے، محمد عامر نے 3 چوکوں کی مدد سے 14 رنز بنائے اور ٹرینٹ بولٹ کی گیند کا شکار بنے۔ قومی ٹیم کی جانب سے آخری آؤٹ ہونے والے بیٹسمین رومان رئیس تھے جنہوں نے 3 چوکوں کی مدد سے 14 گیندوں پر 16 رنز بنائے، کپتان سرفراز احمد 28 گیندوں پر 14 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے شاندار باولنگ کرتے ہوئے 5 جبکہ منرو نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 257 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی، یونیورسٹی آف اٹاگو اوول میں نیوزی لینڈ کے اوپنرز نے جارحانہ آغاز کیا اور ابتدائی دو اوورز میں 2 چھکے جڑ دیے۔ کپتان سرفراز احمد کا فہیم اشرف سے نئی گیند کروانے کا تجربہ کامیاب رہا، آل راونڈر نے 8 رنز پر کھیلتے کولن منرو کو پویلین روانہ کر دیا۔
تجربہ کار مارٹن گپٹل 5 رنز کی کمی سے نصف سنچری مکمل نہ کر سکے، کین ولیم سن کو ریویو پر نئی زندگی ملی، کیوی کپتان 73 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے، اس موقع پر شاداب خان نے دو لگاتار گیندوں پر دو وکٹیں حاصل کرکے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ آخری 7 کیویز بلے باز سکور میں صرف 48 رنز کا اضافہ کر سکے۔
کپتان کین ولیم سن اور راس ٹیلر نے نصف سنچریاں سکور کیں، پاکستان کی جانب سے حسن علی اور رومان رئیس نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں۔