تیسرا ون ڈے: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان مقابلہ برابر

The third ODI

The third ODI

پاکستانی کھلاڑیوں کی غلطی کے سبب ویسٹ انڈیز نے تیسرے ون ڈے کی ہار کو ٹائی میں تبدیل کردیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز ایک ایک سے برابر ہے۔ چوتھا ون ڈے کل سینٹ لوشیا میں ہی ہوگا۔

سینٹ لوشیا میں ابتدا سے ہی قسمت کی دیوی ویسٹ انڈیز پر مہربان رہی۔ میچ کا ٹاس میزبان ملک نے جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی اوپنرز نے ایک بار پھر روایت برقرار رکھی اور پہلی وکٹ کے لئے لمبی شراکت قائم نہ کرسکے۔ انتالیس کے مجموعی اسکور پر احمد شہزاد سترہ رنز بناکر آٹ ہوگئے۔ جس کے فوری بعد ہی ناصر جمشید بھی بیس رنز بناکر ان کے پیچھے پویلین چل دیئے۔ محمد حفیظ بھی پراعتماد اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔ وہ چودہ رنز ہی بناسکے۔

ویسٹ انڈین بولرز نے ابتدائی بیٹسمینوں کو جلد آٹ کرکے پاکستان کو دبا میں لے لیا تھا. جس کی وجہ سے رنز بنانے کی رفتار سست ہوگئی ۔ کپتان مصباح الحق نے ایک اینڈ سے نہ صرف وکٹ بچائی بلکہ پچھہتر رنز کی ذمے دارانہ اننگز بھی کھیلی۔ آخر میں عمر اکمل نے اکتیس گیندوں پر چالیس رنز بناکر اسکور مقررہ اوورز میں چھ وکٹوں پر دو سو انتیس رنز تک پہنچادیا۔ دو سو تیس رنز کے ہدف کے تعاقب میں سب کچھ پاکستان کے حق میں جارہا تھا۔ پاکستان نے پچاس رنز پر میزبان ٹیم کو ابتدائی تین وکٹوں سے محروم کرکے مشکلات میں ڈال دیا۔

سیمیولز اور سمنز نے موقع کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور چوتھی وکٹ کے لئے اکیانوے رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کی پوزیشن قدر بہتر کردی۔ ایسے میں سعید اجمل تین وکٹیں لے کر پاکستان کو ایک بار پھر میچ میں واپس لے آئے۔ آخری اوور میں ویسٹ انڈیز کو جیت کے لئے پندرہ رنز درکار تھے۔ جیسن ہولڈر نے ایک چھکا اور ایک چوکا لگا کر میچ سنسنی خیز بنا دیا۔ آخری گیند پر ویسٹ انڈیز کو جیت کے لئے تین رنز بنانا تھے۔ ایسے میں پاکستانی وکٹ کیپر عمر اکمل نے یقینی رن آٹ چھوڑ دیا اور ویسٹ انڈیز نے دو رن لے کر میچ ٹائی کردی۔