ہرارے (جیوڈیسک) پاکستان نے زمبابوے کو تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں 108 رنز سے شکست دے کر سیریز میں2-1 سے کامیابی حاصل کرلی۔ ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو جیت کیلئے 260 رنز کا ہدف دیا ، پوری میزبان ٹیم 40 اوورز میں 152 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی، میلکم والر 48 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، برینڈن ٹیلر 26 ، ہیملٹن مساکیڈزا 25 اور پراسپر اتسیا 23 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ، عبدالرحمن اور سعید اجمل نے 2 ، 2 وکٹیں لیں جبکہ زمبابوے کے تین کھلاڑی رن آوٹ ہوئے۔ پہلے میچ میں شکست کے بعد پاکستان ٹیم نے کم بیک کرتے ہوئے آخری دونوں ون ڈے جیت کر 3 میچوں کی سیریز میں 2-1 سے کامیابی حاصل کی۔