سنچورین (جیوڈیسک)پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ کل سے سنچورین میں شروع ہورہا ہے۔ مصباح الحق کہتے ہیں ٹیم مثبت کرکٹ کھیلے گی حریف کپتان گریم اسمتھ نے وائٹ واش کا عزم ظاہر کرتے ہوئے تیسرے ٹیسٹ میں بھی فتح کی توقع کا اظہار کیا ہے۔
سپر اسپورٹس پارک سنچورین میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تیسرے ٹیسٹ کا آغاز کل سے ہو رہا ہے۔ مہمان ٹیم آج کوچ ڈیو واٹ مور کی زیر نگرانی فزیکل ٹریننگ اور نیٹ پریکٹس سیشن میں حصہ لے گی۔
تیسرے ٹیسٹ میں فاسٹ بولر جنید خان کی شرکت کا امکان روشن ہے۔قومی ٹیم کے منیجر نوید اکرم چیمہ کے مطابق جنید خان نیٹ پریکٹس سیشن میں شرکت کریں گے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے لیے کچھ کر دکھانے کا آخری موقع ہے۔
کیپ ٹاون میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کی کارکردگی پہلے ٹیسٹ کی نسبت بہتر رہی۔ انہوں نے اس توقع کا بھی اظہار کیا کہ ٹیم سنچورین ٹیسٹ میں مثبت کرکٹ کھیلے گی۔ حریف کپتان گریم اسمتھ کا کہنا ہے کہ ان کی نظریں وائٹ واش پر ہیں۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم نے کیپ ٹان ٹیسٹ میں اچھی کارکردگی دکھائی تھی تاہم میزبان ٹیم کامیابیوں کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے جیت کی ہیٹ ٹریک مکمل کرنے کے لیے پر عزم ہے۔