شارجہ (جیوڈیسک) تیسرے ٹیسٹ میں اظہر علی، مصباح الحق اور سرفراز احمد کی شاندار بیٹنگ نے فتح دلا دی۔ تین میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہو گئی۔
سیریز کے آخری ٹیسٹ کے آخری روز پاکستانی بلے بازوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ قومی ٹیم کو دوسری اننگز میں پینتیس رنز پر پہلا نقصان ہوا۔ احمد شہزاد اکیس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اڑتالیس کے مجموعی اسکور پر اوپنر خرم منظور بھی اکیس رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
یونس خان کی تجربہ کاری 29 رنز تک کام آ سکی۔ اس کے بعد اظہر علی اور سرفراز احمد نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور قومی ٹیم کی جیت کے لیے راہ ہموار کی۔ سرفراز احمد 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اظہر علی مرد بحران بننے کے بعد مرد میدان بنے۔ اظہر علی نے کیرئر کی شاندار پانچویں سنچری مکمل کر کے شارجہ ٹیسٹ کو یادگار بنا دیا۔
مصباح الحق نے بھی اپنی قائدانہ صلاحیتں دکھاتے ہوئے پچیسویں نصف سنچری مکمل کی اور اظہر علی کے ساتھ اسکور آگے بڑھایا۔ اس سے پہلے سری لنکا اپنی دوسری اننگز میں 214 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔