کراچی (جیوڈیسک) آؤٹ ہونے والے کپتان الیسٹر کک 66 اور ہیلز 54 رنز بنا کر اپنی ٹیم کا ایک اچھا آغاز فراہم کرنے میں کامیاب ہو چکے تھے۔ یہ دونوں محمد عامر اور سہیل خان کی گیندوں پر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کے خلاف انگلینڈ کی ٹیم کرکٹ ٹیسٹ میچ میں اپنی دوسری اننگز کا کھیل جاری رکھے ہوئے ہے اور اب سے کچھ دیر قبل اس نے تین وکٹوں کے نقصان پر 236 رنز بنا لیے تھے۔
ایجبسٹن میں کھیلے جا رہے تیسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو اسے ابتدا میں ہی اپنے دونوں ابتدائی بلے بازوں کی وکٹ کی صورت میں نقصان برداشت کرنا پڑا۔
لیکن آؤٹ ہونے والے کپتان الیسٹر کک 66 اور ہیلز 54 رنز بنا کر اپنی ٹیم کا ایک اچھا آغاز فراہم کرنے میں کامیاب ہو چکے تھے۔ یہ دونوں محمد عامر اور سہیل خان کی گیندوں پر آؤٹ ہوئے۔
روٹ نے وینس کے ساتھ مل کر پراعتماد لیکن جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 62 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
پاکستانی باؤلروں کو پہلی اننگز کی نسبت اس اننگز میں خاصی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی جو پہلی اننگز میں 297 رنز ہی بنا سکی تھی۔
اس کے جواب میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 400 رنز اسکور کیے تھے۔ چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز اس وقت تک ایک، ایک سے برابر ہے۔