بتیس ویں نیشنل گیمز کا آغاز آج ہو رہا ہے

Games

Games

اسلام آباد (جیوڈیسک) بتیس ویں نیشنل گیمزکا آغاز آج ہو رہا ہے۔ مردوں کے انتیس اور خواتین کے گیارہ کھیلوں کے مقابلوں میں دو ہزار کے قریب اتھلیٹس اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرینگے۔ سیکورٹی سمیت تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے۔ اسلام آباد 32 ویں نیشنل گیمزکی آرگنائزنگ کمیٹی کے سربراہ اور چیئرمین سی ڈی اے ندیم حسن نے گیمز کے انتظامات مکمل کرنے کے بعد آرگنائزنگ کمیٹی کے سیکرٹری اولمپین رانا مجاہد اور پاکستان اولمپک کمیٹی کی عبوری کمیٹی کے چیئرمین آصف باجوہ کے ہمراہ پاکستان سپورٹس کمپلیکس سینٹر اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ قومی کھیلوں کے کامیاب انعقاد کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

چار جولائی تک جاری رہنے والے میگا ایونٹ میں مردوں کے انتیس اور خواتین کے گیارہ کھیلوں کے مقابلے ہونگے جس میں دو ہزار کے قریب کھلاڑی حصہ لیں گے۔ ایونٹ کے دوران سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ نیشنل گیمز کی مشعل کا آغاز فیصل مسجد اسلام آباد سے ہوگا۔

نیشنل گیمز میں سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، پنجاب، اسلام آباد، آرمی، نیوی، ائیر فورس، ریلویز، فاٹا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیرکی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف انتہائی مصروفیات کے باعث گیمز کا افتتاح نہیں کرسکیں گے۔

لیجنڈ کرکٹر جاوید میانداد فیصل مسجد اسلام آباد سے نیشنل گیمز کی ٹارچ ریلی کا آغاز کرینگے۔ اولمپک کمیٹی کے وائس پریذیڈنٹ اور سابق آئی جی موٹر وے ظفر عباس لک نیشنل گیمز کی سیکیورٹی کے سربراہ ہونگے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ نیشنل گیمز کے کامیاب انعقاد کے لئے پرامید ہیں۔ حکومت نے گیمز کے کامیاب انعقاد کیلئے آٹھ کروڑ روپے کے فنڈزجاری کیے ہیں۔