رواں سال ملک بھر میں پولیو وائرس سے 138 بچے معذور ہوگئے

Polio

Polio

کراچی (جیوڈیسک) ملک بھر میں پولیو وائرس شدت اختیار کر گیا، ملک کے قبائلی علاقوں میں ایک ہی دن میں 11 پولیو کیسوں کی تصدیق کردی گئی ہے، ملک میں پولیو وائرس کی بچوں کو تیزی سے متاثر کرنے کی ہولناک صورتحال سامنے آگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ برائے صحت کے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق ملک بھر میں امسال 138 بچے پولیو وائرس کا شکار ہوکر معذور ہوگئے ہیں قومی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا اور وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں میں ہفتہ کو مزید 11 بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

رواں برس کے دوران صرف فاٹا میں 102 بچوں میں پولیوکی تصدیق کی گئی ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں 23، سندھ میں 11، پنجاب اور بلوچستان میں ایک ایک کیس سامنے آئے ہیں، ہفتہ کو قومی ادارہ صحت کے افسر نے بتایا کہ سب سے زیادہ پولیو کیس جولائی سے دسمبرکے دوران رپورٹ ہوئے جبکہ 2013 میں ماہ ستمبرکے اختتام تک 31 کیس سامنے آئے تھے رواں برس اب تک 138 کیسوں کی تصدیق کی جاچکی ہے۔

جس میں فاٹا سرفہرست ہے جہاں 102 بچوں میں پولیوکی تشخیص ہوئی فاٹا میں درج ہونے والے کیسز میں 64 شمالی وزیر ستان، 25 خیبر ایجنسی، 11 جنوبی وزیرستان اور بنوںکے 2 کیس شامل ہیں فاٹا اور خیبر پختونخوا کے سرحدی علاقوں میں وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے ان علاقوں میں سیکیورٹی کی صورتحال ابتر ہونے سے انسداد پولیو کی مہمات معطل ہیں۔