اس سال حج اکبرہو گا، وقوف عرفہ 3 اکتوبر کو ہونے کا امکان

Makkah

Makkah

مکہ مکرمہ (جیوڈیسک) مناسک حج جمعرات 2 اکتوبر سے شروع ہونے اور حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ جمعہ 3 اکتو بر کو ہونے کا امکان ہے چنانچہ اس سال حج اکبر ہو سکتا ہے۔ جب کہ کہ سعودی وزارت حج کے مطابق اب تک 9 لاکھ عازمین حج حجازمقدس پہنچ چکے ہیں۔

اس سال 13 لاکھ سے زائد عازمین کی آمد متوقع ہے۔ سعودی سپریم کورٹ نے مملکت میں مقیم تمام مسلمانوں کو 24 ستمبر 2014 بروز بدھ بمطابق 29 ذیقعد کو سعودی عرب میں اسلامی سال کے آخری مہینے ذوالحج کاچاند دیکھنے کا کہا ہے۔ دوربین یا خالی آنکھ سے چاند دیکھنے والے قریبی عدالت کو اطلاع دیں اور اپنی شہادت ریکارڈ کرائیں۔

سعودی سپریم کورٹ نے تمام مسلمانوں سے کہا ہے کہ وہ نیکی اور سیدھے راستے پر تعاون کیلیے ذوالحج کا چاند دیکھیں۔ ادھر سعودی وزارت حج کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق دنیا کے مختلف ملکوں سے ابھی تک 9 لاکھ کے قریب عازمین حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں جب کہ 13 لاکھ سے زائد عازمین سعودی عرب آئیں گے۔

ولی عہد شہزادہ سلمان کی زیرصدارت منعقدہ سعودی کابینہ کے اجلاس میں حاجیوں کی سہولت اور انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ٹریفک پولیس سمیت 70 ہزار سے زائد افسر اور اہلکار حاجیوں کی حفاظت کے لیے تعینات کیے گئے ہیں۔

دریں اثنا سعودی حکومت نے حج کے موقع پر مسجد الحرام اور دیگر مقامات مقدسہ پر سیکیورٹی کے انتظامات مکمل کرلیے۔ اجازت ناموں کی خلاف ورزی پراب تک 27 ہزار 946 غیر ملکیوں کو گرفتار کیاجا چکا ہے۔

علاوہ ازیں سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز الشیخ نے اسلامی اسکالروں سے کہا ہے کہ وہ اسلام کی آفاقی تعلیمات کے صحیح تشخص سے دنیا کوآگاہ کرنے کے لیے موثرانداز میں کام کریں۔ اب وقت آگیا کہ دنیا کواسلام، قرآن اور سنت رسول ؐ کے حقیقت پسندانہ تشخص سے آگاہ کیا جائے۔