تہنیت نامے(حصہ دوم)

Politicians Pakistan

Politicians Pakistan

خیالوں کی دنیا کتنی وسیع ہے ۔یہ آپ کی اپنی دنیا ہے ۔ دنیا کی منافقت،ریاکاری اور جھوٹ سے پاک ،سیاستدان ہوں یا مختلف شعبہ ہائے زندگی کی شخصیات،سب پبلک پراپرٹی ہیں۔ان پر بات کرنا اٹھارہ کروڑ عوام کا ”جبری حق ‘ہے۔”حدادب”رہتے ہوئے آنے والے الیکشن کے بعد کی ایک خیالی جھلک پیش کی ہے ۔امید ہے ناگوار نہیں گزرے گی۔

بنام سابق جرنیلی صدر پرویز مشرف
ہم جناب سابق جرنیلی صدر پرویز مشرف کو دوبئی سے آن لائن الیکشن کے تنائج کو مسلسل چوبیس گھنٹے واچ کرنے پر ان کے انتہائی مشکور ہیں۔کہ اس نازک موقع پر کوئی سیٹ نہ ملنے کے باوجو انہوں نے الیکشن میں کسی قسم کی دھاندلی کے الزامات لگانے سے گریز کیا۔ہم امید کرتے ہیں کہ جناب سابق صدر اگلے الیکشن سے قبل الیکشن میں حصہ لینے کے لئے ضرور پاکستان آئیں گے۔
منجانب : سابق جرنیلز صدر لورز گروپ

بنام طاہر القادری
ہم جناب طاہر القادری کو اپنے وطن کینیڈا واپس بخریت لوٹنے پر ہدیہ تہنیت پیش کرتے ہیں۔اور امید کرتے ہیں کہ جو مطالبات وہ حکومت کے سامنے رکھ گئے ہیں ۔اگلے الیکشن سے قبل وہ ان مطالبات کی منظوری کے لئے ایک لانگ مارچ کو اہتمام کریں گے جو کہ کینیڈا سے شروع ہوتا ہواڈی چوک اسلام آباد میں پہنچے گا۔ہم امید کرتے ہیں کہ اگلی حکومت سے وہ ضرور اپنے مطالبات منظور کروا لیں گے۔
منجانب: طاہر القادری لورز گروپ

بنام مخدوم امین فہیم وفاقی وزیر تجارت
ہم جناب مخدوم امین فہیم کو دوبارہ وفاقی وزیر تجارت منتخب ہونے پر ہدیہ تہنیت پیش کرتے ہیں۔اور امید کرتے ہیں کہ اپنے دور وزارت میں وہ پیسوں کی ٹرانزیکشن کے لئے وہ کسی پاکستان بینک پر اعتبار کرنے کی بجائے سوئزرلینڈ کے بینکوں کو ترجیح دیں گے۔تاکہ پاکستان میں کسی قسم کی کھپ نہ مچ سکے۔اور ہمارے پیارے وزیر کرپشن کے غلیظ دھبوں سے پاک رہ سکیں۔
منجانب : مخدوم امین فہیم لورز گروپ

بنام محترمہ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان
ہم محترمہ فردوس عاشق اعوان کو اپنے آبائی علاقے کوبے چک میںاپنی نگرانی میں کھانے کا ڈھابہ،پہلوانی اکھاڑہ، سائیکل ،موٹر سائیکل مرمت و پنکچر ،گاڑیوں کی ورکشاپ،ڈاکٹر ،سبزی،دھوبی ،نائی کی دوکان ایک مکمل پیکج ایک ہی مقام پرفراہم کرنے پر بے حد مشکور ہیں کہ الیکشن اور سیاست سے فراغت کے باوجود انہوں نے اہل علاقہ سے منہ نہیں موڑا۔اہل حلقہ بھی اگلے الیکشن تک قدم بڑھانے تک ان کے ساتھ ہیں۔
منجانب:عقیدت مند ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

Rehman Malik

Rehman Malik

بنام رحمان ملک، مالک نیک نام سیکورٹی کمپنی
ہم جناب رحمان ملک کو نیک نام سیکورٹی کمپنی کا این او سی اور سرکاری سکولوں کے بچوں کے خارجہ اور داخلہ کا اختیار ملنے پر پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ہم امید کرتے ہیں شب وروز کی محنت سے بہت جلد ان کی سیکورٹی کمپنی پاکستان کی نمبر ون سیکورٹی کمپنی بن جائے گی۔بہت سے ادارے اپنی سیکورٹی کے لئے انہی کی کمپنی پر انحصار کریں گے۔ہم امید کرتے ہیں کہ ان کی کمپنی بہت بڑی تعداد میں موبائل جیمرز خریدے گی تاکہ وہ اپنا موبائل فون کی بندش کا شوق جاری رکھ سکیں۔
منجانب : رحمان ملک لورز گروپ

بنام میاں شہباز شریف چیرمین ڈینگی کنٹرول سیل
ہم جنا ب میاں شہباز شریف کو اس پیرانہ سالی میںپنجاب ڈینگی کنٹرول سیل کا چیرمین منتخب ہونے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ہم محترمہ مریم نواز شریف خادمہ پنجاب کے بھی مشکور ہیں کہ انہوں نے اس اہم سیٹ کے لئے میاں شہباز شریف پر اعتماد کا اظہار کیا۔ہمیں اپنے ہر دل عزیز شہباز شریف سے امید کرتے ہیں۔ان کے دور میں ڈینگی فری پنجاب ہو گا۔
منجانب:سابق خادم اعلی لورز گروپ

بنام حامد سعید کاظمی وفاقی وزیر مذہبی امور
ہم جناب حامد سعید کاظمی کے وفاقی وزیر مذہبی امور منتخب ہونے پر ہدیہ تہنیت پیش کرتے ہیں۔ ہم اپنے محترم وزیر سے امید رکھتے ہیں کہ حج کے انتظامات میں وہ براہ راست ملوث نہ ہوں کیونکہ پاکستان میں کسی پر الزام لگا دینا سب سے آسان ہے۔ویسے بھی بندہ بشر ہوتا ہے۔اس کے علاوہ اپنے مریدوں کی طرف سے ملنے والے قیمتی تحفوں کی تفصیل بھی ہر لمحہ موجود ہونی چاہیئے۔تاکہ کوئی فرد واحد یا ایجنسی فوری طور پرمطمئن ہو سکے۔
منجانب: حامد سیعد کاظمی لورز گروپ

بنام عبدالقیوم جتوئی سربراہ انسداد رشوت ستانی
”کرپشن ہم سب کا حق ہے۔کرپشن میں بھی مساوات ہونی چاہیئے”جیسے شہرہ آفاق بیان سے شہرت پانے والے عبدالقیوم جتوئی کو ہم سربراہ انسداد رشوت ستانی تعینات ہونے پر ہم مبارکباد پیش کرتے ہیں۔یہ سچ ہے کہ سابق دور میںبہتی گنگا میں سب کو ہاتھ دھوتے دیکھ کر وہ چپ نہ رہ سکے ۔انہوں نے اپنے حصے کی شمع تو روشن کی اپنا حق تو مانگا۔ہم امید کرتے ہیں کہ وہ اپنے اگلے، پچھلے بھی سارے ”دھونے” دھو لیں گے۔
منجانب:رشوت ستانی لورز گروپ
بنام محترمہ شمائلہ رانا چیرمین آل پاکستان آل ٹائپ کریڈٹ کارڈ
ہم محترمہ شمائلہ رانا کو مشیر صوبائی وزیر تعلیم اور آل پاکستان کریڈ ٹ کارڈکا چیر مین بننے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔سابقہ دور میں نا انصافی کی بنا پر ان کی بی اے کی ڈگری کو جعلی قرار دیا گیا۔اور کریڈٹ کارڈ کارڈ کا ایک جھوٹا مقدمہ بنوایا گیا۔ہم امید کرتے ہیں کہ موجودہ پوزیشن پر برقرار رہتے ہوئے وہ اپنے سیاسی کردار پر لگے داغوں کووہ اپنے عہدے کے سرف سے دھو لیں گی کیونکہ سیاسی داغ اچھے نہیں ہوتے۔
منجانب : عقیدت مند شمائلہ رانا گروپ

K M Khalid

K M Khalid

تحریر : کے ایم خالد
kmkhalidphd@yahoo.com