لاہور (جیوڈیسک) مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کے حکم پر محکمہ صحت نے ڈاکٹروں کی ترقی، نئی اسامیاں پیدا کرنے اور سروس سٹرکچر کے معاملات بارے سمری تیار کرکے محکمہ خزانہ کو منظوری کے لئے بھجوادی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دو تین ماہ کے اندر تمام گریڈوں کے ہزاروں ڈاکٹرز پروموٹ ہو جائیں گے۔ انہوں نے یہ بات گزشتہ روز سول سیکرٹریٹ میں ڈاکٹروں کی ترقی اور سروس سٹرکچر کے معاملات پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت کے اس اقدام سے ہزاروں ڈاکٹروں کی پروموشن کے لئے راہ ہموار ہو گئی ہے اور 15 سال سے ترقی کے منتظر گریڈ 18 اور 19 کے ڈاکٹروں کو بھی ترقی دے دی جائے گی۔ سیکرٹری صحت جواد رفیق ملک نے بتایا کہ گریڈ 17 کے ڈاکٹروں کی بطور سینئر میڈیکل آفیسرز گریڈ 18 میں ترقی کے لئے 15 جنوری 2015 سے ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کے اجلاسوں کا آغاز کر دیا جائے گا
تمام ترقیاں ریگولر بنیادوں پر کی جائیں گی۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ 1988 تک کے بیچ کے ڈاکٹروں کو اگلے گریڈوں میں ترقی کیلئے فائدہ پہنچے گا۔ ڈپٹی سیکرٹری ہیلتھ عدنان ظفر نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جناح ہسپتال، نشتر ہسپتال اور سروسز ہسپتال میں پوسٹ گریجوایٹ ٹریننگ کرنے والے 86 ڈاکٹروں کے تبادلہ کے احکامات واپس لے لئے گئے ہیں اور مذکورہ ڈاکٹروں کو پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ سے ہی تنخواہ ملے گی۔