کروڑ لعل عیسن (نامہ نگار) ٹی ایچ کیو کروڑ میں لوگوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ ادویات کے کم بجٹ کیلئے اعلیٰ حکام کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔ امید ہے جلد بجٹ میں اضافہ ہو جائے گا۔ یہ بات ایم ایس کروڑ ڈاکٹر محبوب حسنین قریشی نے گزشتہ روز اپنے آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں دل کی مریضہ کے دم توڑنے کا ڈیوٹی ڈاکٹر پر الزام بے بنیاد ہے۔ مریضہ ہسپتال کے وارڈ میں شفٹ ہوئی نہ ایمرجنسی لائی گئی۔ بلکہ گھر سے آتے ہوئے گاڑی میں وفات پا گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مریضہ کے لواحقین کی جانب سے دی گئی درخواست میں بھی مریضہ کا گاڑی میں فوت ہونا لکھا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈیوٹی ڈاکٹر سعادت علی شاہ زہریلی دوائی سے متاثرہ 4 مریضوں کی دیکھ بھال کر رہے تھے۔ اور جب وہ گاڑی میں مریضہ کو دیکھنے پہنچے تو وہ مر چکی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ 11000 آوٹ ڈور اور 365 انڈور داخل مریضوں کو وارڈ میں فری سہولیات دی گئی۔ جبکہ جنرل سرجری کے 48 آپریشن کیئے گئے۔ 479 خواتین کو الٹرا سائونڈ اور دوا مہیا کی گئی۔ 50 مریضوں کی فری ڈیلوری کی گئی۔ 1444 آنکھوں کے مریض دیکھے گئے۔ 33 مریضوں کو فری لینس ( Lense ) کی سہولت اور فری آپریشن کیئے گئے۔ ڈینٹل آئوٹ ڈور 514 ، آپریشن 100 ، ایکسرے 630 اور 600 مریضوں کے لیبارٹری ٹیسٹ کیئے گئے۔ ۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔
کروڑ لعل عیسن (نامہ نگار) سابق ضلعی صدر مسلم لیگ (ن) سابق ایم پی اے ملک غلام محمد سواگ کی 16 ویں برسی آج گرہ سواگ گاڑہ کھوہ کے مقام پر انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی۔ پرسی میں خصوصی دعا پیر آف سواگ شریف پیر احمد حسن سواگ کروائیں گے۔ جبکہ خصوصی خطاب معروف عالم دین قاری محمد اشفاق سعیدی گولڑوی کا ہو گا۔ تفصیل کے مطابق سابق صوبائی جنرل سیکریٹری سابق ضلعی صدر پاکستان مسلم لیگ ن سابق ایم پی اے ملک غلام محمد سواگ جو کہ صوبائی پارلیمانی سیکریٹری بلدیات اور وائس چیئرمین ضلع کونسل بھی رہے 3 مارچ 1999 کو اپنی رہائش گاہ لیہ میں دہشتگردی کا نشانہ بنتے ہوئے شہید ہو گئے تھے۔ مرحوم بہت قابل سیاستدان اور ملنسار انسان تھے۔ جن کی وفات سے 16 سال قبل پیدا ہونے والا خلاء آج تک پورا نہیں ہو سکا ہے۔ برسی میں اراکین اسمبلی سابق کونسلروں ، وکلاء سمیت مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد شرکت کریں گے۔ ۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔
کروڑ لعل عیسن (نامہ نگار) بھکر ، ملتان ، مظفر گڑھ سمیت دگر اضلاع میں برائلر مرغی کا گوشت 140 روپے جبکہ ضلع لیہ کے شہروں لیہ ، کروڑ ، فتح پور ، چوک اعظم ، کوٹ سلطان میں 195 تا 200 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہاہے۔ فارم ڈیلر مقامی انتظامیہ کی آنکھوں میں دھول جھونک کر برائلر مرغی مہنگے داموں فروخت کر رہے ہیں۔ مقامی شہریوں غلامحمد ، خادم حسین ، الٰہی بخش و دیگر نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ برائلر مرغی کے گوشت کے نرخوں کو اعتدال پر لایا جائے۔