تین اضلاع میں روکی گئی انسداد پولیو مہم دوبارہ شروع

Polio

Polio

کراچی (جیوڈیسک) شہر کے 3 اضلاع میں گزشتہ ایک ہفتے سے رکی ہوئی تین روزہ انسداد پولیو مہم ہفتے سے سخت سیکیورٹی میں شروع ہوگئی۔وزیراعلیٰ پولیو سیل کے ڈاکٹر احمد علی نے بتایا کہ کراچی کے تین اضلاع شرقی، ملیر اور کورنگی میں انسداد پولیو مہم پولیس سیکیورٹی نہ ملنے کے باعث گزشتہ ایک ہفتے سے رکی ہوئی تھی جو پولیس سیکیورٹی ملنے پر ہفتے سے شروع کر دی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے روز کی مہم کامیابی سے مکمل کر لی گئی ہے، امید ہے مہم بلاتعطل جاری رہے گی۔

ٹاؤن ہیلتھ آفیسر ملیر ڈاکٹر مسعود سولنگی کے مطابق ان کے ٹاؤن کی 8 یوسیز میں چلائی جانے والی مہم کے دوران ہفتے کو 5 سال سے کم عمر 25 ہزار 295 بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلانے کا ہدف مقر کیا گیا تھا جن میں سے 24 ہزار 181 بچوں کو قطرے پلادیے گئے ہیں۔ انہو ں نے بتایا کہ ملیر ٹاؤن میں عید سے ایک روز قبل مہم جاری تھی جس کے بعد ہفتے کو مہم کا دوسرا روز تھا۔

ذرائع کے مطابق دوسرے روز پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کرنے والے گھرانوں کی تعداد 231 رہی ہے جبکہ گھر پر نہ ملنے والے بچوں کی تعداد 13 سو 22 ہے۔ مہم کے دوسرے روز نجی اسکول کی پرنسپل نے بھی بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کرتے ہوئے پولیو رضاکاروں کو اسکول میں داخل ہونے نہیں دیا۔