کراچی (جیوڈیسک) وزیراعلی خیبرپختون خوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ تینوں صوبوں میں ضیا الحق کا بلدیاتی قانون ہے عوام تک اختیارات منتقل ہی نہیں کیے گئے ہیں اور چیف جسٹس اختیارت کی منتقلی نہ ہونے کا نوٹس لیں۔
کراچی میں ایک فلاحی ادارے کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی خیبرپختون خوا پرویزخٹک کا کہنا تھاکہ قیام امن کا بہترین راستہ مذاکرات ہیں، ڈرون حملے بند ہونے چاہئیں ،ڈرون حملوں کی وجہ سے دہشت گردی بڑھ رہی ہے۔
پرویز خٹک نے کہا کہ چیف جسٹس نوٹس لیں کہ صوبائی حکومتیں بلدیاتی نظام کے تحت عوام کو اختیارات کیوں نہیں دے رہیں؟ سندھ، بلوچستان اور پنجاب میں ضیاالحق کا بلدیاتی قانون ہے، خیبر پختون خوا میں ایسا بلدیاتی نظام لائیں گے ،جس کے تحت صوبے کے 40 فیصد ترقیاتی فنڈ زبلدیاتی اداروں کو دیے جائیں گے۔