اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی سلامتی وخارجہ امور کے مشیر سرتاج عزیز اور امریکی وزیر خارجہ کے درمیان واشنگٹن میں ملاقات 27 جنوری کو ہوگی۔ امریکی محکمہ خارجہ کے اعلامیے کے مطابق سرتاج عزیز اور جان کیری کی ملاقات امریکی محکمہ خارجہ میں ہوگی جس میں دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک مذاکرات کو وسعت دینے سے متعلق معاملات پر غور کیا جائے گا۔
جان کیری نے اس ملاقات کا اعلان گزشتہ سال اگست میں دورہ پاکستان کے دوران کیا تھا۔ اسٹریٹیجک مذاکرات میں گزشتہ 6 ماہ کے دوران ہونی والی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا اور دو طرفہ تعاون کے معاملات میں شراکت داری بڑھانے کے مواقعوں کی نشاندہی کی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق سرتاج عزیز اور جان کیری کی ملاقات کے دوران میڈیا کو ابتدائی بات چیت تک رسائی دی جائے گی جو اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی ویب سائیٹ پر براہ راست اسٹریم کی جائے گی۔