واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی نشریاتی ادارے ایچ بی او نے تصدیق کی ہے کہ معروف ٹی وی سیریز گیمز آف تھرونز اپنے آٹھویں سیزن کے بعد ختم ہوجائے گا۔ ایچ بی او کے پروگرامنگ چیف کیسی بلوئس نے اس بات کا اعلان ٹیلی وژن ایسوسی ایشن کی کانفرنس کے دوران کیا۔
گیمز آف تھرونز کا ساتواں سیزن دس کے بجائے سات اقساط پر مشتمل ہے اور یہ آئندہ سال پیش کیا جائے گا جبکہ اس کا آٹھواں اور آخری سیزن سنہ 2018 میں ریلیز کیا جائے گا۔ گیمز آف تھرونز ٹی وی سیریز جارج آر آر مارٹن کے ناولوں سے ماخوذ ہے۔
اب جبکہ یہ پروگرام اس کے ماخذ مواد سے تجاوز کر چکا ہے اس مطلب یہ ہے کہ پروڈیوسرز اب ایک ایسی کہانی بیان کر رہے ہیں جو اس سے پہلے کسی نے کبھی نہیں پڑھی۔ سنیچر کو کیلی فورنیا میں بیورلی ہلز کے مقام پر بات چیت کرتے ہوئے کیسی بلوئس کا کہنا تھا کہ تاحال اس بات کا تعین نہیں کیا گیا کہ آخری سیزن کتنی اقساط پر مشتمل ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں جتنی بھی اقساط ملیں گی ہم اسے قبول کریں گے۔‘
کیسی بلوئس کا کہنا تھا کہ ایسا بھی ممکن ہے کہ آئندہ سیزن ماخوذ ہوں، تاہم ان کا کہنا تھا کہ ’پروڈیوسرز اس کے حق میں نہیں ہیں، لیکن ابھی اس حوالے سے کوئی حتمی منصوبہ نہیں کیا گیا۔‘ گذشتہ سال گیمز آف تھرونز نے 12 ایمی ایوارڈز حاصل کیے تھے جبکہ اس سال اسے 23 کیٹیگریز میں نامزد کیا گیا ہے۔