تھٹہ واٹر سپلائی سکیم گزشتہ 20 دنوں سے بند
Posted on September 26, 2013 By Noman Webmaster سٹی نیوز
اٹک: تھٹہ واٹر سپلائی سکیم گزشتہ 20 دنوں سے بند، عوام پانی کی بوند بوند کو ترس گئی ،علاقے میں میٹھا پانی نہ ہونے کی وجہ سے لوگ پیٹ کی بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے ہیں، ضلعی رابطہ افسر اٹک فوری نوٹس لے کر واٹر سپلائی سکیم بحال کرائیں، عوام کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق تحصیل جنڈ کی یونین کونسل بسال کے گائوں تھٹہ میں نجی شعبہ میں چلنے والی واٹر سکیم گزشتہ 20 روز سے مکمل طور پر بند ہے۔
ٹھیکیدار نے ٹرانسفارمر کی خرابی کا بہانہ بنا رکھا ہے جبکہ ایس ڈی او واپڈا بسال نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ہمیں ٹرانسفارمر کی خرابی کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی ہے ،اہل علاقہ میں پانی کی عدم فراہمی سے شدید پریشانی پائی جاتی ہے ،پانی کی عدم دستیابی اور میٹھے پانی کی قلت کے باعث لوگ کھارا اور نمکین پانی پینے پر مجبور ہیں۔
جس سے علاقے کے لوگ پیٹ سمیت دیگر بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں ،اہل علاقہ نے ضلعی رابطہ افسر اٹک سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری نوٹس لے کر 20 دنوں سے بند واٹر سپلائی سکیم کو بحال کرائیں اور ٹھیکیدار کے خلاف مجرمانہ غفلت برتنے پر فوری طور پر قانونی و تادیبی کاروائی کرتے ہوئے فوجداری مقدمہ درج کرائیں۔