تھوماس باخ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے نئے صدر

Berlin

Berlin

برلن (جیوڈیسک) جرمنی کے تھوماس باخ کو انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کا نیا صدر بنا دیا گیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تھوماس باخ کو انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے صدر کے طور پر منتخب کر لیا گیا ہے۔ یہ انتخاب ارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس آئرس میں کیا گیا۔ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے صدر کے انتخاب کیلئے رائے شماری 10 ستمبر کے روز کمیٹی کے 125 ویں سیشن کے اختتام پر ہوئی۔

دو مراحل پر مبنی اس ووٹنگ میں آئی او سی کے رکن ممالک کے نمائندگان نے حصہ لیا۔ رائے شماری کے نتائج کے مطابق 59 سالہ تھوماس باخ کو 49 ووٹ ملے جبکہ ان کے قریب ترین حریف پورٹو ریکو سے تعلق رکھنے والے رچرڈ کاریون رہے جن کے حق میں 26 ووٹ ڈالے گئے۔ کمیٹی کی صدارت کے منصب کے لئے دیگر امیدواروں میں سنگاپور کے سر میانگ کو 6 ووٹ، سوئٹزرلینڈ کے ڈینس اوسوالڈ کو 5 اور یوکرائن کے سیرگئی ببکا کو 4 ووٹ ملے۔

تھوماس باخ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے نویں صدر ہوں گے۔ وہ بیلجیم کے ژاک روگ کی جگہ یہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ باخ 1976 میں مغربی جرمنی کے لیے اولمپک گولڈ میڈل جیت چکے ہیں۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے ایک بیان میں اپنے ہم وطن تھوماس باخ کو انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے نویں صدر منتخب کیے جانے پر مبارک باد پیش کی ہے۔