انگوٹھوں کے نشانات کی بنیاد پر الیکشن کو بوگس قرار نہیں دیا جاسکتا، پرویز رشید

Pervez Rasheed

Pervez Rasheed

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ چیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا عہدہ فی الحال آرمی چیف کے پاس ہے ،یہ عہدہ خالی نہیں ہے، کراچی میں حالات کی بہتری کیلئے پہلی مرتبہ سنجیدہ کوشش کی گئی، وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ کراچی میں اگر انگوٹھے کے نشانات کی صحیح تصدیق نہیں ہوئی تو انتخابی عمل کو بوگس قرار نہیں دیا جاسکتا۔

وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویزرشید نے یونیسکو کے زیر اہتمام ذرائع سیمینار سے خطاب کے موقع پر کہا کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا عہدہ فی الحال آرمی چیف کے پاس ہے۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا عہدہ خالی نہیں، آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی تقرری کے لیے آئین 30 دن کی مہلت دیتا ہے۔آرمی چیف اور چیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے تقرر کے لئے آئین میں طریقہ کار درج ہے۔ان عہدوں پر تقرریوں کا فیصلہ آئین میں دیے گئے طریقہ کار کے مطابق کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی تقرری سے متعلق دوسال سے قیاس آرائیاں ہورہی ہیں، وہ خود بھی دو تین برسوں سے مختلف قیاس آرائیاں سن رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں جن معاملات پر بات تک نہیں ہوتی ان پر ہمارے ہاں بحث ہوتی ہے۔ہمیں اب نارمل رویہ اختیار کرنا چاہے، میانہ روی اپنانی چاہئے،دو لائن کی خبر کو دو لائن کی ہی رہنے دیں، ہیڈ لائن نہ بنائیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ کراچی میں اگرانگوٹھے کے نشانات کی صحیح تصدیق نہیں ہوئی تو انتخابی عمل کو بوگس قرار نہیں دیا جاسکتا۔سیاسی مسئلہ تھا جس کی وجہ سے نشانات واضح نہیں لگ سکے۔

کراچی کے حالات میں بہتری آرہی ہے۔ کراچی میں حالات کی بہتری کے لیے پہلی مرتبہ سنجیدہ کوشش کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی مسائل حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ پاکستان مین آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کی روایت پڑچکی ہے۔فیصل آباد کی نشست پر شکست پر عوام کا فیصلہ قبول کرتے ہیں۔ آزادانہ انتخابات کرائے عوام نے ووٹ نہیں دیے ان کی مرضی،ایک نشست سے ہارنا کوئی غیر مقبولیت کا پیمانہ نہیں،انہوں نے کہا کہ ہم نے کون سا گناہ کیا ہے کہ اب ہم غیر مقبول ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے فیصلوں سے کچھ لوگ ناراض ہورہے ہیں تو ہم اس کی قیمت ادا کررہے ہیں، مفاد پرستی اور سیاسی بنیادوں پر فیصلے نہیں کررہے ہیں،نہ ہی شتر مرغ کی طرح سر چھپا رہے، مسائل کو سمجھتے ہیں اور ان کو حل کریں گے، پرویز رشید نے کہا کہ مقبولیت کی قیمت ادا کرنا پڑی تو بھی ملک کو بحرانوں سے ضرور نکالیں گے، پرویز رشید نے کہا کہ کہیں بھی نہیں لکھا کہ چیرمین نیب کا تقرر پانچ ملاقاتوں میں طے پاجانا چاہئے، پرویز رشید نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے گزشتہ دو حکومتوں نے کوئی سنجیدہ کوششیں نہیں کیں۔ہماری حکومت پوری سنجیدگی کے ساتھ مسلے کا حل نکالے گی۔