لندن (جیوڈیسک) گالف کے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی ٹائیگر وڈز اور ان کی گرل فرینڈ لینڈسی وون نے ایک دوسرے سے الگ ہونے کا اعلان کیا ہے۔ جوڑے کے مطابق اپنی مصروفیات کی وجہ سے ایک دوسرے الگ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ لینڈسی وون نے اپنے فیس بُک پیج پر لکھا ہے کہ تین سال ایک ساتھ رہنے کے بعد علیحدہ ہونے کا فیصلہ باہمی رضامندی سے کیا گیا ہے۔
وڈز کا کہنا ہے کہ ایک ساتھ گزارا گیا وقت ان کے لئے ہمیشہ باعث مسرت رہے گا۔ ایک ساتھ گزرے وقت کی مشترکہ یادیں ہمیشہ خوشگوار رہیں گی لیکن بدقسمتی سے بے حد مصروفیات کی وجہ سے ہمیں علیحدہ ہونا پڑ رہا ہے۔ لینڈسی وون کے مطابق ٹائیگر وڈز اور ان کے خوبصورت خاندان کی ہمیشہ میرے دل میں خاص جگہ رہے گی۔
جوڑے کو آخری بار گزشتہ ماہ ماسٹرز گالف ٹورنامنٹ میں ایک ساتھ دیکھا گیا تھا اور اس موقع پر وڈز کی سات سالہ بیٹی سیم اور چھ سالہ بیٹی چارلی بھی ساتھ تھیں۔ ٹائیگر وڈز نے بیان میں کہا ہے کہ میرے لینڈسی کے لئے بہت اچھے جذبات ہیں۔ اس کے لئے احترام اور محبت ہے اور میری بیٹیوں اور خاندان کے لئے بہت اچھی تھیں۔
بدقسمتی سے ہم بہت مصروف زندگیاں گزار رہے ہیں اور دونوں بے حد مصروفیات والی کھیل میں حصہ لیتے ہیں اور اس وجہ سے ہمارے لئے ایک ساتھ وقت گزارنا مشکل ہو گیا تھا۔ ٹائیگر وڈز نے اس سے پہلے سویڈن کی ایک ماڈل سے شادی کی تھی تاہم 2010ء میں متعدد غیر ازدواجی تعلقات منظرِ عام پر آنے کے بعد دونوں میں طلاق ہو گئی تھی۔