بیجنگ: ٹک ٹک نے اپنے حریف ویڈیو پلیٹ فارم کے انقلابی اقدامات کےبعد اب ویڈیو طوالت کو بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے جو پہلے تین منٹ تک محدود تھا لیکن اب دس منٹ کی ٹک ٹاک ویڈیو بنائی اور پوسٹ کی جاسکتی ہے۔
چینی ویڈیو پلیٹ فارم کے ترجمان نےایک بیان میں کہا ہے کہ ہم ہمیشہ ہی اپنی کمیونٹی کے لیے بہترین تجربات پیش کرتے ہیں تاکہ اسے تفریح کا بہتر پلیٹ فارم بنایا جائے۔ اب پلیٹ فارم پر دس منٹ کی ویڈیو بنائی اور پوسٹ کی جاسکتی ہے تاکہ عالمی صارفین کے لئے تخلیقی عمل کو بڑھا جاسکے۔‘
بعض صارفین نے ایپ کے اندر ہی اس نئے فیچر کی تصدیق بھی کی ہے۔ واضح رہے کہ ٹک ٹاک ایک عرصے سے اپنی ویڈیو کا دورانیہ بڑھانے پر غور کررہا ہے۔ گزشتہ برس ایک منٹ سے تین منٹ تک کی ویڈیو کا اعلان کیا گیا تھا اور اب یہ دس منٹ تک جاپہنچی ہے۔
اس میں کوئی شک نہیں کہ ٹک ٹاک پلیٹ فارم کی مقبولیت بہت تیزی سے بڑھی ہے لیکن ٹک ٹاک بعض خامیوں کی وجہ سے تنقید کی زد میں تھا۔ اس میں سب سے بڑا مسئلہ خود ٹک ٹاکرز کی آمدنی کا ہے جس پر اسٹار ٹک ٹاکرز نے بھی اعتراض اٹھایا تھا۔ ویڈیو مختصر ہونے کی وجہ سے درمیان میں اشتہار چلانا ایک بڑا چیلنج تھا۔ اس کے مقابلے میں یوٹیوب میں اس کی بھرپور سہولت موجود ہوتی ہے۔
دوسری جانب فیس بک نے بھی 60 سیکنڈ تک کی مختصر ویڈیو ریل کی سہولت کا دس روز پہلے اعلان کیا تھا جسے شاید ٹک ٹاک نے سنجیدگی سے لیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایک جانب یوٹیوب مختصر ویڈیو شارٹس پر توجہ دے رہا ہے تو ٹک ٹاک نے یوٹیوب کی طرز پر بڑی ویڈیو کے لیے گنجائش پیدا کی ہے۔