کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) کراچی کے علاقے گارڈن میں گذشتہ دنوں خاتون سمیت 4 ٹک ٹاکرز کے قتل کی وجہ سامنے آگئی ہے۔
تحقیقاتی حکام کے مطابق گارڈن میں خاتون ٹک ٹاکر مسکان سمیت 4 افراد کا قتل ٹک ٹاک کی ویڈیو پر ہی ہوا، فائرنگ کرنے والا ملزم رحمان فقیر خان مسکان کا دوست تھا۔
رپورٹ کے مطابق رحمان کا مسکان سے جھگڑا ہواجس پر مسکان نے عامر کے ساتھ ویڈیوبنائی، رحمان نے بدلے میں مقتول عامرکی دوسری دوست کے ساتھ ویڈیو بنا کر اپلوڈ کردی۔
جس کے بعد رحمان کی ویڈیو دیکھ کر مسکان لڑکی کے گھرپہنچی اور مبینہ طور پرجھگڑا ہوا اور لڑکی نے رحمان کو اطلاع دی، رحمان نے مسکان اور دوستوں کوگارڈن بلایا اور چاروں کوقتل کرکے فرار ہوگیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ رحمان کی موبائل فون لوکیشن سے بھی اس کا واردات کی جگہ پر ہونا ثابت ہوگیا ہے،واردات کرنے کے بعد رحمان فقیرخان فرار ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے۔
خیال رہے کہ 2 فروری کو گارڈن میں فائرنگ سےخاتون سمیت 4 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
حکام کے مطابق ملزم عادی مجرم ہے اور لانڈھی شیرپاؤ کالونی کا رہائشی ہے، اس کے خلاف قائد آباد سمیت دیگر تھانوں میں کئی مقدمات درج ہیں، یہ مقدمات انسداد دہشت گردی، پولیس اہلکاروں پر حملوں، پولیس مقابلوں سمیت سنگین الزامات کے تحت درج ہیں۔