پشاور (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ہری پور میں پودا لگا کر خیبر پختونخوا میں شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا، کہتے ہیں ہم نے آنے والی نسلوں کو بہترین پاکستان دینا ہے، ٹمبر مافیا کو نہیں چھوڑیں گے۔
تحریک انصاف کے سربراہ نے ہری پور کے علاقے سنگڑہ میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا خیبر پختونخوا میں تین سال میں ایک ارب پودے لگائے جائیں گے۔ صوبے میں سو ارب روپے کے جنگلات غیر قانونی طور پر کاٹے گئے جبکہ مزید دو سو ارب کی لکڑی کاٹنے کی تیاری کی جا رہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ٹمبر مافیا کے خلاف جہاد کا اعلان کر دیا ہے ، ٹمبر مافیا کو نہیں چھوڑیں گے۔ ان کا کہنا تھا غیرقانونی طور پر درخت کاٹنے والوں پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ بدقسمی کی بات ہے کہ پہلے جنگلات کو آگ لگائی جاتی ہے پھر کاٹ دیا جاتا ہے۔
وہ اس حوالے سے چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ سے بھی ملیں گے۔ عمران خان نے کہا جنگلات کو بچانے کے لیے خیبر پختونخوا سے مہم شروع کر رہے ہیں۔ تمام سکولوں کے بچے ایک ایک درخت لگائیں گے ، ان کا کہنا تھا ہم نے آنے والی نسلوں کو بہترین پاکستان دینا ہے۔