اپنے آپ کو اس وقت ہی مکمل سمجھتی ہوں جب کسی کے ساتھ تعلق قائم کروں، دپیکا

Deepika Pdukun

Deepika Pdukun

ممبئی (جیوڈیسک) بالی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون کہتی ہیں کہ خواتین کے لئے کسی کے ساتھ تعلق رکھنا بہت اہمیت رکھتا ہے اور وہ خود بھی کسی سے رشتہ قائم کرکے اپنے آپ کو مکمل سمجھتی ہیں۔ بھارتی میڈیا کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں دپیکا کا کہنا تھا کہ وہ نہیں سمجھتیں کہ کامیابی کا کوئی نسخہ ہوتا ہے اگر ایسا ہوتا تو ہر شخص اس پر عمل کرتا۔ جہاں تک بالی وڈ میں کامیابی کا تعلق ہے تو اس کا راز یہ ہے کہ وہ نہ صرف زندگی کے فیصلوں بلکہ فلموں کا انتخاب بھی دل کے کہنے پر کرتی ہیں۔ وہ وہیں کچھ کرتی ہیں جو ان کا دل چاہتا ہے۔

دپیکا پڈوکون نے مزید کہا کہ ایک عورت ہونے کی حیثیت سے کسی کے ساتھ تعلق قائم کرنا ان کے لئے بہت اہمیت رکھتا ہے لیکن اس رشتے کا مثبت ہونا بھی بہت ضروری ہے۔ اس سے نہ صرف ان کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے بلکہ یہ انہیں بہتر انسان بننے میں بھی مدد دیتی ہے۔ اگر یہ رشتہ انہیں تنزلی کا شکار کردے یا ایسا بننے پر مجبور کرے جو وہ نہیں تو وہ کسی بھی صورت میں بہتر نہیں کیونکہ وہ ان دونوں تجربات سے گزر چکی ہیں۔

رنویر سنگھ سے افیئر سے متعلق دپیکا پڈوکون کا کہنا تھا کہ رنبیر کپور سے ان کا بہت گہرا جذباتی رشتہ تھا جب ہمارے درمیان یہ تعلق ٹوٹا تو وہ بہت روئیں جس کے بعد وہ نہیں چاہتیں کہ دوبارہ ان کا دل ٹوٹے، اس لئے وہ کسی کے بارے میں بھی کوئی فیصلہ کرتے وقت جلد بازی نہیں کرنا چاہتی، کسی سے بھی تعلق استوار کرنے سے قبل اس کے بارے میں زیادہ سے زیادہ معلومات حاصل کرنا بہت ضروری سمجھتی ہیں۔