لاہور (جیوڈیسک) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ فریقین کے پاس وقت بہت کم ہے ، بحران لمبا ہو گیا تو ملک کا نقصان ہو گا۔ دونوں فریقین کسی تیسری قوت کی جانب دیکھنے کی بجائے آپس میں بیٹھ کر فیصلہ کریں۔
منصورہ لاہور میں جماعت اسلامی کے مشاورتی اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ایک نقطے کے علاوہ باقی تمام معاملات پر اتفاق رائے ہے لیکن طریقہ کار پر اختلاف ہے۔
انتخابی اصلاحات پر تحریک انصاف نے تمام جمہوری قوتوں کی نمائندگی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے عمران خان کے مطالبات کی دستور کی روشنی میں حمایت کی ہے ، حکومت نے تحریک انصاف کے بیشتر مطالبات تسلیم بھی کر لیے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتیں اس بات پر متفق ہیں کہ بحران کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالا جائے ۔ سراج الحق نے کہا کہ دونوں فریقین کسی تیسری قوت کی جانب دیکھنے کے بجائے آپس میں بیٹھ کر فیصلہ کریں۔
قوم بھی ایسے فیصلے کے لیے پر امید ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے استعفی کے لیے بھی آئینی راستے موجود ہیں۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کسی نہ کسی ادارے کو مصالحتی کردار کے لیے اختیار دینا ہوگا تاکہ مسئلے کا حل نکل سکے۔