تحریر : سالار سلیمان پاکستان کے مقبول ترین سیاحتی مقامات کچھ سال قبل ویرانی کی صورتحال پیش کرتے تھے ۔ اس کی ایک بڑی وجہ ملک میں لاء اینڈ آرڈر کی مخدوش صورتحال اور دہشت گردی کے واقعات تھے۔ اُس وقت ہم آئے دن اخبارات اور ٹی وی میں دہشت گردی سے متاثر ہونیو الے علاقوں کے بارے میں خبریں سنتے اور پڑھتے تھے اور اس ناسور سے ملک کا طول و عرض متاثر تھا۔ ایسے میں سیاحت کا متاثر ہونا ایک فطری عمل تھا۔ پاکستان میں سیاحت کے بے پناہ دائرہ کار موجود ہے۔ یہاںپر سمندر‘ صحرا‘ جھیلیں‘ پہاڑ‘ وادیوں اور اُن کے خوبصورت مناظر کی کمی نہیں ہے۔ اس کے ہر شہر کی الگ تہذیب اور تاریخ ہے اور یہی وجہ ہے کہ یہاں کی تاریخی عمارتیں دنیا بھر میں مشہور ہیں۔ یہ سب مقامات اُن برسوں میںسُونے پڑ گئے تھے ۔ تاہم‘ مجموعی طور پر ملک میں سکیورٹی صورتحال میں بہتری کے سیاحت دوبارہ سے زندہ ہو رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق پاکستان میں مقامی سیاحت کو فروغ حاصل ہو رہا ہے اور وہ ترقی کے منازل بھی طے کر رہی ہے ۔ سیاحت کے فروغ سے نہ صرف اس شعبے کو بلکہ اس سے منسلک دیگر شعبوں کو بھی فائدہ حاصل ہوتاہے جن میں رئیل اسٹیٹ سیکٹر اور متعدد چھوٹے کاروبار شامل ہیں۔ پاکستان کے رئیل اسٹیٹ سیکٹر کے حوالے سے بھی لاء اینڈ آرڈر میں بہتری نے اس شعبے کو فائدہ دیا ہے۔ اس وجہ سے سیاحتی مقامات پر رہنے والے لوگوں میں یہ اعتماد پیدا ہوا ہے کہ وہ سیاحوں کو کرایے پر جگہ دے دیتے ہیں اور یہ رحجان اس وقت بڑھ جاتا ہے جب سیاحت کا سیزن اپنے عروج پر ہوتا ہے۔ اس طرح سے وہ ایک اچھی رقم بھی کما لیتے ہیں اور دوسری جانب اُن کی پراپرٹی کی قدر میں بھی اضافہ ہوتاہے۔
پاکستان کے سب سے بڑے رئیل اسٹیٹ پورٹل zameen.com کے مطابق گزشتہ پانچ سالوں میں پاکستان کی پراپرٹی کی قدر میں 118فیصد کا بہترین اضافہ ہوا ہے ۔پراپرٹی کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹ ‘ہوٹل انڈسٹری‘ ریسٹورانٹس‘ اسپورٹس سمیت دیگر شعبوں کو بھی فائدہ حاصل ہوتا ہے۔ اگر ہم باریک بینی سے جائزہ لیں توہمیں معلوم ہوگا کہ سیاحت سے صرف ایک بڑے ہوٹل والے ہی کو نہیں بلکہ اُس مقام پر موجود ایک معمولی سے چائے ڈھابے والے کو بھی فائدہ حاصل ہوتاہے۔اگر ہم پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کی رپورٹ کو دیکھیں تو یہ واضح ہے کہ آنے والے دنوںمیں مقامی سیاحت میں اضافہ ہوگااور اس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ سیاحتی علاقوں سے متشدد ملک دشمن عناصر کا خاتمہ ہو چکا ہے اور امن کی فضا ء سیاحت کیلئے نہایت ہی سازگار ہے اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے سیاح اور ایڈونچر کرنے کے شوقین افراد اپنے خول کو توڑ کر سیاحتی مقامات کی جانب اپنی پیاس بجھانے جاتے ہیں۔
Tourism in Pakistan
پاکستان سیاحت کے لحاظ سے نہایت ہی منفرد ہے ۔ یہاں پر قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہونے والوں کیلئے اگراَن گنت مقامات ہیں تودوسری جانب اُن ہی علاقوں میں خطروں کے کھلاڑیوں کیلئے بھی بے شمارمقامات موجود ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ تہذیبی‘ ثقافتی اور مذہبی سیاحت کا بھی وسیع دائرہ کار موجود ہے ۔بدھ مت اور سکھ مت کیلئے تو پاکستان مذہبی گہوارے کی حیثیت رکھتاہے ۔تاہم ہمیں ابھی بھی غیر ملکی سیاحوں کو پاکستان میں لانے کیلئے کچھ کام کرنا ہوگا اور اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ مقامی سیاحت کو اسی شرح سے نہ صرف فروغ حاصل ہوتا رہے بلکہ اس میں ترقی بھی ہو۔اب دنیا انٹرنیٹ کی وجہ سے ایک گلوبل ویلج بن چکی ہے۔ اس طرح سے جو پاکستانی ملک میں گھومتے پھرتے ہیں ‘وہ اپنی سفری رودار‘ تصاویر اور ویڈیوز سے بیرون ملک مقیم افراد کو مثبت پیغام پہنچا سکتے ہیں۔ سادہ الفاظ میں عرض ہے کہ اگر ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان میں سیاحت کو مزید فروغ حاصل ہو اور غیر ملکی اس ملک میں کھِچے چلے آئیں تو ہمیں اپنے حصے کا کام بھی کرنا چاہئے۔
میری ذاتی رائے میں ہر ملکی سیاح ‘جس کی آن لائن رسائی ہے‘ وہ پاکستان کا آن لائن سفیر ہے اور اب یہ اُس پر ہے کہ وہ پاکستان کا کونسا چہرہ دنیا کو دکھلاتا ہے۔ مزید براں ‘ حکام بالا کو بھی چاہئے کہ وہ سیاحتی مقامات کی دیکھ بھال میں کوئی کسر نہ اُٹھا رکھیں۔ مجھے یاد ہے کہ 2014ء میںایک ڈاکومینٹری کی عکسبندی کیلئے میں نے ہرن مینار کا سفر کیا تو وہاں میری ملاقات فرانس کے کچھ سیاحوں سے ہوئی ۔ میں نے پاکستان کے بارے میں اُن کے خیالات جاننا چاہے تو اُنہوں نے کہا کہ جو پاکستان ذرائع ابلاغ کے توسط سے اُن کو دکھایا جاتا ہے ‘ یہ پاکستان اُس سے مختلف ہے۔ ہمیں سفارتخانے کی جانب سے اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے مکمل تحفظ حاصل ہے۔
پاکستانی لوگ ملنسار اور خوش اخلاق ہیںاور سب سے بڑھ کر یہ مدد کرنے والے لوگ ہیں ۔میں نے اُن سے سوال کیا کہ کیسے پاکستان کی دم توڑتی ہوئی سیاحت کودوبارہ زندہ کیا جا سکتا ہے تو انہوں نے کہا کہ یہاں پر لاء اینڈ آرڈر میں مزید بہتری اور صفائی کے مربوط نظام سے سیاحت کو بے پناہ فروغ دیا جا سکتاہے ۔میں بھی اُن کی بات سے اتفاق کرتا ہوں۔پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کی ایک رپورٹ کے مطابق اس سال 5کروڑ لوگ اس سال سیاحتی مقاصد سے ملک میں سفر کریں گے ۔ ہم امید کرتے ہیں کہ سیاحت کا یہ سفر جاری رہے گا اور نہ صرف ملکی بلکہ غیر ملکی بھی پاکستان میں سیاحت کو ترجیح دیں گے اور مستقبل میں بھی یہ سفر نہ صرف جاری رہے گا بلکہ ترقی بھی کرے گا۔