وقت کا تقاضہ ہے کہ معاملات افہام وتفہیم سے حل کئے جائیں، الطاف حسین

Altaf Hussain

Altaf Hussain

لندن (جیوڈیسک) ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ وقت کا تقاضہ ہے کہ سیاسی مخالفت کو برداشت کر کے معاملات افہام وتفہیم سے حل کئے جائیں۔

الطاف حسین کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت لاہور، اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں کھڑے کیے گئے کنٹینرز ٹرالر اور دیگر رکاوٹوں کو فوری طور پر ہٹائے کیونکہ اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج، مظاہرے، مارچ اور جلسے جلوس کرنا ہر جماعت کا آئینی ،قانونی اور جمہوری حق ہے جس سے کسی کو بھی محروم نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے پاکستان عوامی تحریک اورتحریک انصاف کے مارچ کوروکنے کیلئے لاہور، راولپنڈی اوراسلام آباد کو کنٹینرز، ٹرالرز اور طرح طرح کی رکاوٹوں سے سیل کر دیا گیا ہے جس کے باعث ان علاقوں کے عوام گزشتہ چار روز سے محصور ہیں۔

الطاف حسین نے کہا کہ شاہراہیں بند ہونے سے مریضوں کواسپتال لانے لے جانے میں بھی شدید دشواریوں کاسامنا ہے اورپنجاب بھرکے عوام شدید مشکلات اور پریشانیوں کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وقت کاتقاضہ ہے کہ سیاسی مخالفت کوبرداشت کیا جائے اورمعاملات کوافہام وتفہیم سے حل کیا جائے۔ قائد ایم کیوایم نے عوامی تحریک تحریک انصاف اوران کی اتحادی جماعتوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنا مارچ، جلسے جلوس اور مظاہرے ضرور کریں لیکن انہیں مکمل طور پر پرامن رکھیں۔