کراچی (جیوڈیسک) کسی بھی شعبے میں نام بنانے اور شہرت پانے میں لوگوں کو برسوں لگ جاتے ہیں لیکن کچھ خوش قسمت ایسے بھی ہوتے ہیں جنہیں اپنے کام کے حوالے سے لوگ کم عمر میں ہی پہچاننے اور چاہنے لگتے ہیں۔ ٹی وی اداکار ٹیپو شریف بھی ایسے ہی لوگوں کی فہرست میں شامل ہیں۔
سو سے زائد ٹی وی ڈراموں میں مختلف نوعیت کے کرداروں کو محنت اور مہارت سے ادا کرنے والے خوبصورت اداکار ٹیپو شریف ’’آدھے پاکستانی اور آدھے ترک‘‘ ہیں۔
ان کے والد پاکستانی ہیں، جبکہ والدہ کا تعلق ترکی سے ہے۔ اس حوالے سے ٹیپو اردو اور ترک زبانیں نہ صرف عمدگی سے بولتے ہیں، بلکہ ان دونوں زبانوں میں گانے بھی گاتے ہیں۔
ٹیپو شریف کے گانوں کے البمز کو بھی لوگوں نے بہت پسند کیا۔ٹیپو زیادہ تر اپنے گانوں کے بول خود لکھتے اور موسیقی بھی خود ہی بناتے ہیں۔
ٹیپو شریف ان دنوں ڈرامہ سیریل ’اذن رخصت‘ میں ایک ایسے نرم دل شخص کا کردار ادا کر رہے ہیں جو ایک ایسی خاتون سے شادی کرنا چاہتا ہے جس کی ایک بیٹی ہے جو جذباتی اور احساس کمتری کا شکار ہے۔ اس کی بہتری کی خاطر ایک فکرمند باپ کے روپ میں ٹیپو عمدگی سے اپنی اداکارانہ صلاحیتوں کے جوہر دکھا رہے ہیں۔