تیراہ میں جیٹ طیاروں کی بمباری، سانحہ پشاور کے ماسٹر مائنڈ سمیت 21 دہشتگرد ہلاک

Jet Plane

Jet Plane

تیراہ (جیوڈیسک) ملک بھر کے طول و عرض میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق وادی تیراہ میں پاک فوج نے جیٹ طیاروں سے بمباری کی جس سے اکیس دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

فضائی حملے میں 6 دہشتگرد زخمی اور ان کے 7 ٹھکانے تباہ ہوگئے۔ پشاور کے علاقے متنی گوجر گڑھی میں سیکورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان جھڑپ ہوئی۔ فائرنگ کے تبادلے میں شدت پسند کمانڈر مصطفٰی عرف عدنان سمیت پانچ دہشتگرد مارے گئے۔

جھڑپ میں دو سیکورٹی اہلکار بھی زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ چارسدہ میں تحصیل شبقدر کے تھانہ سروکلی کے علاقے باڈی کور میں سیکورٹی فورسز نے ایک گھر پر چھاپہ مارا، اس دوران شدت پسندوں نے گھر سے گولیاں برسانا شروع کر دیں۔

گولیاں لگنے سے ایلیٹ فورسز کے سب انسپکٹر عزت یار اور فرنٹئیر کور کے حوالد میراجان شہید ہوگئے۔ فائرنگ کا نشانہ بن کر نائیک دل فراز اور سپاہی ضیاء اللہ شدید زخمی ہوگئے۔

سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کی فائرنگ سے شدت پسند سیار ولد گل نواز اور نواز ولد امیر نواز ہلاک ہوگئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ اس سے پہلے ہونے والے وادی تیراہ کے فضائی حملے میں انتہائی مطلوب دہشتگرد کمانڈر کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔