خیبر ایجنسی (جیوڈیسک) شمالی وزیرستان میں ضرب عضب اور خیبر ایجنسی میں اکتوبر میں شروع ہونے والا آپریشن خیبر ون کامیابی کے ساتھ جاری ہیں۔ دونوں ایجنسوں میں اب تک سیکڑوں دہشت گرد ہلاک کئے جا چکے ہیں جبکہ ان کے درجنوں ٹھکانے تباہ کئے گئے۔
وطن عزیز کو ان ملک دشمنوں سے پاک کرنے کی مہم میں اب تک سیکورٹی فورسز کے کئی اہلکار بھی جام شہادت نوش کر چکے ہیں۔ پاک فوج نے آج خیبر ایجنسی کی تحصیل وادی تیراہ میں وطن دشمنوں کی کمر توڑ کر رکھ دی۔ پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو چُن چُن کر نشانہ بنایا۔
فضائیہ کی کارروائی میں 48 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ان کے متعدد ٹھکانے تباہ ہو گئے۔ خیبر ایجنسی تین سب ڈویژنوں باڑہ، جمرود اور لنڈی کوتل پر مشتمل ہے۔ پاک فوج کی کامیاب کارروائیوں کے باعث ایجنسیوں میں دہشت گرد تتر بتر ہو چکے ہیں جبکہ ان میں سے بیشتر افغانستان فرار ہو گئے ہیں۔
جمعرات کو پاک افغان سرحدی علاقے میں کالعدم تحریک طالبان کے دو اہم کمانڈر قاری شکیل اور ڈاکٹر طارق افغان فورسز سے جھڑپ میں مارے گئے تھے۔