تلہ گنگ کی خبریں 22.09.2013
Posted on September 22, 2013 By Geo Urdu سٹی نیوز
وپڈا حکام کی اعلیٰ سطح ٹیم کا دورہ تلہ گنگ، بجلی چوری مہم کا جائزہ
تلہ گنگ (تحصیل رپورٹر) وپڈا حکام کی اعلیٰ سطح ٹیم کا دورہ تلہ گنگ، بجلی چوری مہم کا جائزہ، چھاپے بھی مارے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اسلام آباد سے واپڈا حکام کی ٹیم نے تلہ گنگ کا دورہ کیا۔ ٹیم نے مختلف پیٹرول اور سی این جی پمپس پر چھاپے مارے اور بجلی کے میٹر چیک کئے۔ اس موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ٹیم کے سربراہ محمد ایوب نے بتایا کہ بجلی چوری کے خلاف مہم جاری رہے گی اور اس میں کسی قسم کی کوئی سفارش یا رشوت کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے واپڈا افسران کو ہدایت کی کہ دو مختلف فیڈروں سے بجلی حاصل کرنے والوں کیخلاف سخت ایکشن لیں اور فوری طور پر میٹر اُتار لئے جائیں۔ بصورت دیگر متعلقہ افسران کیخلاف کاروائی ہو گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سوئی نادرن گیس کمپنی لمیٹڈ نے سوئی گیس پائپ لائن کے ذریعے جنریٹر چلانے پر پابندی عائد کر دی ہے
تلہ گنگ (تحصیل رپورٹر) سوئی نادرن گیس کمپنی لمیٹڈ نے سوئی گیس پائپ لائن کے ذریعے جنریٹر چلانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اور احکامات کی خلاف ورزی پر فوجداری مقدمات قائم کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ اس ضمن میں محکمہ نے تمام ایسے افراد جو سوئی گیس پائپ لائن جنریٹر کے ساتھ لگا کر جنریٹر کو کمرشل بنیادوں پر استعمال کررہے ہیں کے خلاف کاروائی کا آغاز کر دیا ہے علاوہ ازیں گھروں میں بھی گیس پائپ لائن کے ذریعے جنریٹر کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران محکمہ سوئی گیس نے ایک آپریشن کے دوران دس سے زائد افراد کو گیس لائن کے ذریعے جنریٹر چلانے پر محکمہ پولیس کے ذریعے گرفتار کروادیا۔ جن کے خلاف مقدمات بھی درج کیے جا چکے ہیں وارث پلازہ میں فیاض حسین، بھگوالیہ مارکیٹ میں ظہور احمد، تلہ گنگ روڈ پر کنگ بیکرز کا علی رضا، چوآسیدن شاہ میں مکہ سویٹس اینڈ بیکرز کا جنید ارشد، مدینہ ہوٹل کا وحید محمود، الحمرا بیکرز کا محمد عرفان، اور سلطانیہ ہوٹل کا اللہ دتہ گیس لائن کے ذریعے جنریٹر چلاتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے جنہیں حوالات روانہ کر دیا گیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تلہ گنگ (تحصیل رپورٹر) تھانہ صدر تلہ گنگ کے علاقے موگلہ کے رہائشی بلیک میلر نوجوان کی طرف سے علاقہ کی نوجوان لڑکی کو بلیک میل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ مذکورہ اوباش نوجوان محمد سعید الحسن ولد قاضی محمداشتیاق ایک لمبے عرصے سے علاقے کی نوجوان لڑکیوں کو ان کی تصاویر حاصل کر کے بلیک میل کرنے کا مذموم دھندہ کر رہا ہے۔ آئی جی پنجاب اور ریجنل پولیس آفیسر کو دی جانے والی درخواستوں کے مطابق ملزم محمد سعید الحسن بغیر نمبر پلیٹ کے موٹر سائیکل جس پر موگلہ لکھا گیا ہے پر سوار ہوتا ہے اپنے موبائل نمبروں0300-5261294، 0300-5373540اور 0300-5576277کے ذریعے شریف لڑکیوں کو کال کر کے انہیں بلیک میل کرتا ہے اور ان سے بھاری رقوم بٹورتا ہے۔ ملزم سعید الحسن نے حال ہی میں وی آئی پی گرلز کالج تلہ گنگ کی دو طالبات کو بلیک میل کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے سعید الحسن شریف گھرانے کی لڑکیوں سے بھاری رقوم بٹورنے کے ساتھ ساتھ ان کے زیورات بھی زبردستی اتروا لیتا ہے جنہوں نے پولیس کے اعلیٰ حکام کو تحریری درخواستیں بھی گزاری ہیں معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ بلیک میلر اپنے ساتھ لیب ٹاپ اور ڈیجیٹل کیمرہ رکھتا ہے جبکہ بغیر لائسنس کے اس کے پاس پستول بھی موجود ہے اس پستول کے ذریعے (الف، ف) نامی لڑکی کو قتل کی دھمکی بھی دی اور بلیک میل کیا۔ قبل ازیں ایک لڑکی کو بلیک میل کرنے پربلال آباد میں سعید الحسن کی بھرپور مرمت کی گئی اور اس کا منہ کالا کر کے گائوں میں پھرایا گیا۔ مگر مذکورہ ملزم پھر بھی اپنے کرتوتوں سے باز نہیں آیا۔ اہلیان تلہ گنگ نے اوباش بلیک میلر کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مسلم کمرشل بنک کے منیجر ملک صابر حسین آف ملکوال انتقال کر گئے
تلہ گنگ (تحصیل رپورٹر) مسلم کمرشل بنک کے منیجر ملک صابر حسین آف ملکوال انتقال کر گئے۔ جنہیں راولپنڈی قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا۔ اُن کی نماز جنازہ میں سیاسی و سماجی ژخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مرحوم ملک شہریار کے والد، سابق ناظم یوسی نکہ کہوٹ ملک ارشد کے کزن اور بنک منیجر ملک وقاص اجمل کے خالو تھے۔