گجرات (جی پی آئی) ٹی ایم اے گجرات کے زیر اہتمام عظیم الشان سیر ت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کی جبکہ ایڈمنسٹریٹر ٹی ایم اے عرفان علی کاٹھیا، ایم پی ایز حاجی عمران ظفر، نوابزادہ حیدر مہدی، مسلم لیگ ن کے راہنما حاجی ناصر محمود ، ڈی ایم او احمدرضا، انجم ریاض سیٹھی، اے سی نورالعین، اورنگزیب بٹ کور امن کمیٹی کے ممبران صاحبزادہ سعید شاہ گجراتی، چوہدری منظورحسین، سید الطاف الرحمان، الطاف عباس کاظمی، خادم علی خادم، مفتی نعیم عطاری اور بڑی تعداد میں معززین بھی موجود تھے۔ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرس کے دوران نعت خواں حضرات نے خوبصورت انداز میں ہدیہ نعت بحضور سرور کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کیا جسکی حاضرین نے خوب داد دی۔
ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کانفرس کے انعقاد پر ٹی ایم اے گجرات کے ایڈمنسٹریٹر عرفان علی کاٹھیا اور انکی ٹیم کو سراہا اور ہدایت کی کہ ٹی ایم اے آئندہ برس اس سے بھی بہتر پروگرام کا انعقاد کرے تاکہ رحمت عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کو فروغ دیا جا سکے۔ ڈی سی او نے کانفرنس میں اہم مسالک کے علما کرام کی شرکت کو بھی خوش آئند قرار دیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ انکی شرکت سے ضلع میں اتحاد بین المسلمین کو فروغ ملے گا۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اس دنیا میں تشریف آووری سے کفر و جہالت کے اندھیر ے چھٹ گئے اور ہدایت و نور کا نیا سورج طلوع ہوا۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ بطور مسلمان ہمیں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کرنا چاہیے، آپکی سیرت کو اپنا کر ہم دنیا و آخرت میں کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں۔
سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے ارکان صوبائی اسمبلی ایم پی ایز حاجی عمران ظفر، نوابزادہ حیدر مہدی نے کہا کہ آ پ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کا تقاضا ہے کہ ملک میں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے ۔ کورامن کمیٹی کے ممبران علما کرام صاحبزادہ سعید شاہ گجراتی، چوہدری منظورحسین، سید الطاف الرحمان، الطاف عباس کاظمی، خادم علی خادم، مفتی نعیم عطاری نے کانفرنس کے انعقاد پر ٹی ایم اے گجرات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیما ت پر عمل درآمد سے ہی تمام مسائل کا حل ممکن ہے۔ انہوںنے کہا کہ حکومت اور انتظامیہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کی تقریبات کا انعقاد جاری رکھے علما کرام ایسی کوششوں میں انکے شانہ بشانہ ہوں گے۔ ایڈمنسٹریٹر ٹی ایم اے نے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کے شرکا ء کا شکریہ ادا کیا۔