ٹی ایم اے جھنگ کے نااہل و کرپٹ چیف آفیسر نے شہر کے مرکزی علاقوں کو فلتھ ڈپو میں تبدیل کرنے کا بیڑہ اٹھا لیا
Posted on April 14, 2014 By Majid Khan سٹی نیوز
جھنگ : تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن جھنگ کے نااہل و کرپٹ چیف آفیسر نے شہر کے مرکزی علاقوں کو فلتھ ڈپو میں تبدیل کرنے کا بیڑہ اٹھا لیا ہے جبکہ موصوف کی ملی بھگت سے سینکڑوں سفید پوش بابونما سنٹری ورکرز ماہانہ لاکھوں روپے بھتہ دے کرگھر بیٹھے تنخواہیں وصول کرنے لگے ہیں حتیٰ کہ مسلم لیگ (ن) کے ممبر قومی اسمبلی جھنگ شیخ محمد اکرم کا واویلا بھی کام نہ آسکا ہے جس پر شہریوں نے بد عنوان چیف آفیسر و چیف سنٹری انسپکٹرکو فوری کسی دوسرے ضلع میں تبدیل کرنے کامطالبہ کیاہے۔ محلہ باغ والا ، بستی ارائیاں والی ،محلہ سلطان والا ،محلہ جوگیاں والااور شہر کے دیگر اہم علاقوں کے معززین نے میڈیاکو بتایاکہ ایک طرف حکومت ڈینگی و ملیریا کے پھیلائو کو روکنے کیلئے ہنگامی بنیادوںپر بھرپور اقداما ت کر رہی ہے۔
جبکہ دوسری جانب ٹی ایم اے جھنگ کے کرپٹ و نااہل ترین چیف آفیسر اور چیف سنٹری انسپکٹر جھنگ میں ڈینگی و ملیریا کے پھیلائو کی نرسریوں کے فروغ میں سرگرم عمل ہیں ۔انہوں نے بتایاکہ ان بھتہ خور اہلکاروں کی آشیر باد سے سینکڑوں سنٹری ورکرز صرف کاغذات میں ڈیوٹی کر اور تنخواہیں وصول کررہے ہیں مگر ان کا فیلڈ میںعملی طور پر کوئی وجود نہیں جس کے باعث شہر کے مذکورہ مرکزی علاقے گندگی کے ڈھیروں ، فلتھ ڈپوؤں میں تبدیل ہو چکے ہیں ۔انہوںنے بتایاکہ کچھ عرصہ قبل مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے ممبر قومی اسمبلی شیخ محمد اکرم نے اپنے بیان اور میڈیا سے گفتگو کے دوران انکشاف کیاتھاکہ ٹی ایم اے کل 400کے قریب سنٹر ی ورکرز میں سے 271 سنٹری ورکرز گھر بیٹھے تنخواہیں وصول کررہے ہیں اور ان سفید پوش وائٹ کالر بابوؤں نے شہرمیں دیگر کاروبار شروع کر رکھے ہیں جبکہ اکثر سنٹری ورکرز سوٹڈ بوٹڈ ہو کر اہم سیاسی ، مذہبی ،علاقائی شخصیات کے ڈیروں پر موجود نظر آتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اگر ان سفید پوش بابوؤں سے سنٹری ورکرکی ڈیوٹی نہیں لی جاسکتی تو انہیں ملازمت سے برطرف کرکے ایسے سنٹری ورکرز بھرتی کئے جائیں جو عملی ڈیوٹی سرانجام دے سکیں۔ انہوںنے کہاکہ اس تمام عمل میں مسلم لیگ (ن) کی شہری نشست جھنگ سے تعلق رکھنے والی ممبر صوبائی اسمبلی کاکردار بھی انتہائی تشویشناک ہے جنہوںنے کبھی شہر کے حقیقی مسائل کی جانب توجہ دینے کی زحمت گوارہ نہیں کی بلکہ ان کے فرنٹ مین دیگر ذرائع سے مال بنانے کے چکروںمیں نظر آتے ہیں۔ انہوںنے صحت وصفائی کی ابتر صورتحال کے ضمن میں سرد مزاج ایڈمنسٹریٹر ٹی ایم اے اور دیگر انتظامی حکام پربھی شدید تنقید کرتے ہوئے کہاکہ جھنگ میں صفائی کے نظام کی بہتری مذکورہ ضلعی انتظامی افسران کیلئے ایک چیلنج اور ٹیسٹ کیس کی حیثیت رکھتی ہے لہٰذا انہیں دیگر امور کے ساتھ ساتھ اس اہم ترین مسئلہ کی جانب بھی توجہ مبذول کرنا ہوگی۔ انہوںنے محلہ سلطان والا ، محلہ باغ والا ، بستی ارائیاں والی ، محلہ جوگیاں والا کے علاقوں پر مشتمل سینٹری زون سے تبدیل کئے گئے میٹ محمد نواز کا تبادلہ بھی فوری منسوخ کرنے سمیت علاقہ میں ہنگامی بنیادوں پر مکھی و مچھر مار سپرے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com